خبریں/تبصرے

حیات بلوچ قتل: آج طلبہ ملک بھر میں احتجاج کریں گے

علی رضا

ایف سی اہلکاروں کے ہاتھوں بلوچستان کے علاقہ تربت میں طالب علم حیات بلوچ کے قتل کے خلاف ملک بھر کی طلبہ تنظیمیں آج احتجاج کریں گی۔

یاد رہے گزشتہ ہفتے 13 اگست کو سکیورٹی کی ایک گاڑی کے سامنے دھماکہ کے بعد ایف سی اہلکاروں نے شک کی بنیاد پر حیات بلوچ کو قتل کر دیا تھا۔ حیات بلوچ کا جرم سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ اس واقعہ کے بعد ملک بھر میں اس سانحہ کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے لیکن اب طلبہ نے ایک ہی دن متحد ہو کر 22 اگست کو ایک ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

یہ احتجاج سٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی، بلوچ سٹوڈنٹس ایجوکیشنل آرگنائزیشن اور بلوچ سولیڈیرٹی کمیٹی کے زیر اہتمام منعقد کیا جا رہا ہے جس میں ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

اس حوالے سے سٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے کنوینر مزمل خان کا کہنا ہے کہ ”حیات ایک ہونہار طالب علم تھا جو ڈگری کے ساتھ سی ایس ایس کی تیاری بھی کر رہا تھا اور ابھی وہ چھٹیوں کی وجہ سے گھر آیا ہوا تھا اور باغیچے میں اپنے والد کا ہاتھ بٹا رہا تھا، اس کا دور دور تک جرم سے تعلق نہیں تھا۔ ہم بے گناہ حیات کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے یہ احتجاج کر رہے ہیں“۔

پروگریسو سٹوڈنٹس کولیکٹو کے رہنما محسن ابدالی نے جدوجہد سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بات مذمت سے آگے نکل چکی ہے اس لئے ہم 22 اگست کو سڑکوں پر آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا”حیات بلوچ کے قتل کو فرد کے تناظر سے نکل کے دیکھنے کی ضرورت ہے۔ یہ قتل تو ایک مثال ہے سیکیورٹی اداروں کی جانب سے تشدد کے یہ واقعات معمول بن چکے ہیں۔ ہمیں اس رویے کی بیخ کنی کی ضرورت ہے۔ اسلئے ہمارا مطالبہ ہے کہ سیکیورٹی اداروں کے اختیارات کو محدود کیا جائے جس کے لئے پورے معاشرے کے اتحاد کی ضرورت ہے“۔

انہوں نے زندگی کے ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ اس احتجاج میں ضرور شریک ہوں۔

Ali Raza
+ posts

علی رضا گورنمنٹ کالج لاہور یونیورسٹی کے شعبہ عمرانیات میں بی ایس آنرزکے طالب علم ہیں۔