خبریں/تبصرے

آئی فون سے خامنائی کا ٹویٹ: ایرانی امریکہ کے سمارٹ فون مت لیں

لاہور (جدوجہد رپورٹ) ایران کے مذہبی رہنما آیت اللہ خامنائی نے اتوار کے روز ایک ٹویٹ میں اس بات پر زور دیا کہ ایران کوامریکی سمارٹ فونز کی درآمد پر پابندی لگانی چاہئے۔ یہ ٹویٹ انہوں نے ایپل آئی فون سے کیا۔

انہوں نے اپنے روسی زبان والے ٹوئٹر اکاونٹ میں کہا: ”قومی پیداوار روزگار فراہم کرنے، عوامی فلاح و بہبود، افراط زر پر قابو پانے اور قومی کرنسی کو مضبوط بنانے کے لئے ضروری ہے“۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال امریکی سمارٹ فون درآمد کرنے پر ایران نے نصف ارب ڈالر خرچ کئے۔

عربی، ہسپانوی اور روسی زبان سمیت آیت اللہ خامنائی کے کئی ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیں۔ انہوں نے روسی زبان میں اکاؤنٹ اس سال جنوری میں بنایا۔ اس اکاؤنٹ پر ان کے سات ہزار سے زائد فالور زہیں۔ ان کے انگریزی زبان والے اکاونٹ پر البتہ آٹھ لاکھ سے زائد فالورز ہیں۔

ایران میں ٹوئٹر اور انسٹا گرام جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی ہے مگر آیت اللہ خامنائی، صدر حسن روحانی اور وزیر اعظم جواد ظریف اکثر عالمی سطح پر کوئی پیغام دینا ہو تو اپنا اپناٹوئٹر اکاؤنٹ استعمال کرتے ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts