خبریں/تبصرے

آئی ایم ایف کیخلاف احتجاج کرنے پر مزدور رہنما گرفتار، مقدمہ درج

صادق آباد (پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین) مورخہ 22 جون کو صادق آباد شہر کی ہر دلعزیز عوامی شخصیت، پیپلز پارٹی کے رہنما اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے جنرل سیکرٹری قمرالزماں خاں کو شام 5:30 بجے سول کپڑوں میں ملبوس افراد نے اُن کے گھر سے گرفتار کیا جس کے بعد وہ اگلے چار گھنٹوں تک غائب رہے۔ گرفتاری والے دن انہوں نے آئی ایم ایف اور حکومت کی عوام دشمن معاشی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کی کال دی تھی۔ تاہم ان کی گرفتاری کے بعد محنت کشوں، ریڑھی بانوں، دوکانداروں اور بار کونسل کے اراکین کی بڑی تعداد مقامی تھانے کے باہر جمع ہونے لگی۔ مسلسل بڑھتے ہوئے عوامی دباؤ سے گھبرا کر حکام کو قمرالزماں کو سامنے لانا پڑا۔

قمرالزماں نے مورخہ 24 جون کو آئی ایم ایف کے خلاف احتجاج کی کال دی تھی۔

اُن کے خلاف امنِ عامہ میں خلل کی دفعہ (16-MPO) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور وہ تاحال پولیس کی حراست میں ہیں۔

یاد رہے کہ قمرالزمان خان نہ صرف صادق آباد بلکہ ملکی سطح پر بھی محنت کشوں کے حقوق کی طویل جدوجہد کے حوالے سے پہچانے جاتے ہیں۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے اندر اور باہر ہر پلیٹ فارم پر عوامی مسائل کے انقلابی حل کی آواز بلند کی ہے۔ وہ تقریباً تین دہائیوں سے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے پرچم تلے مزدور تحریک میں سرگرم ہیں اور نجکاری، مہنگائی و بیروزگاری کے خلاف سراپا احتجاج رہے ہیں۔

یہ واقعہ تحریک انصاف حکومت کی بڑھتی ہوئی بوکھلاہٹ اور آزادی اظہار کی تیزی سے سکڑتی ہوئی گنجائش کی غمازی بھی کرتا ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts