شاعری

پسِ دیوارِ گریہ!

قیصرعباس

پسِ دیوارِ گریہ
جب تمیں فرصت ملے
اپنی عبادت سے
تومڑ کے دیکھنا
اونچے گھروں کے پار
کچھ ویران سے گھر ہیں
جہاں سورج کی کرنیں
جا نہیں سکتیں!
جہاں کھنڈرات ہی
دیوار و در ہیں
جہاں لوگوں کی آنکھیں
اپنے ماضی، حال کا نوحہ
سناتی ہیں
جہاں بچوں کے ہاتھوں میں
نئے دن کی لکیریں ہی نہیں ہیں
جہاں پر امن کی سب فاختائیں
زخم خوردہ ہیں!
تمہیں فرصت ملے
اپنی عبادت سے
تو ان چہروں کے
دھندلے آئینوں میں
عکس اپنا دیکھنا
شاید تمیں کچھ یاد آجائے
کہ چہرے ایک جیسے ہیں
مگر یہ وقت ساکت رہ نہیں سکتا
گزر جاتاہے لمحوں میں
بدل دیتاہے تقدیریں
ہماری بھی
تمہاری بھی!

Qaisar Abbas
+ posts

ڈاکٹر قیصر عباس روزنامہ جدو جہد کے مدیر اعلیٰ ہیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے صحافت کرنے کے بعد پی ٹی وی کے نیوز پروڈیوسر رہے۔ جنرل ضیا الحق کے دور میں امریکہ منتقل ہوئے اور وہیں پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کی۔ امریکہ کی کئی یونیورسٹیوں میں پروفیسر، اسسٹنٹ ڈین اور ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں اور آج کل سدرن میتھوڈسٹ یونیورسٹی میں ہیومن رائٹس پروگرام کے ایڈوائزر ہیں۔ وہ ’From Terrorism to Television‘ کے عنوان سے ایک کتاب کے معاون مدیر ہیں جسے معروف عالمی پبلشر روٹلج نے شائع کیا۔ میڈیا، ادبیات اور جنوبی ایشیا کے موضوعات پر ان کے مقالے اور بک چیپٹرز شائع ہوتے رہتے ہیں۔