خبریں/تبصرے

منظور پشتین کی گرفتاری: پی ٹی ایم آج دنیا بھر میں احتجاج کرے گی

لاہور (جدوجہد رپورٹ) گذشتہ روز پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے مرکزی رہنما منظور پشتین کو ساتھیوں سمیت پشاور سے گرفتار کر لیا گیا۔ بعد ازاں ان کے ساتھیوں کو رہا کر دیا گیا مگر انہیں پشاور جیل بھیج دیا گیا۔

منظور پشتین کی گرفتاری عالمی و مقامی میڈیا، بالخصوص سوشل میڈیا، پر ایک اہم خبر بنی رہی۔ ان کی گرفتاری کی بازگشت سینٹ میں بھی سنائی دی جہاں سینیٹر حاصل بزنجو نے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا۔

دریں اثنا، گذشتہ دوپہر اراکین ِ قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر نے اسلام آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گرفتاری کی مذمت کی اور اعلان کیا کہ آج پی ٹی ایم دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے کرے گی۔

اس پریس کانفرنس میں ان کے ہمراہ عوامی ورکرز پارٹی کی رہنما عصمت شاہجہان اور معروف پشتون دانشور افراسیاب خٹک بھی موجود تھے۔

سوشل میڈیا پر منظور پشتین کی مختلف ویڈیوز بھی پوسٹ کی جا رہی ہیں۔ ایسی ایک ویڈیو فوٹیج میں انہیں ہتھکڑیوں کے ساتھ بیٹھے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ فوٹیج ان کی عدالت میں پیشی کے وقت، عدالتی احاطے میں، بنائی گئی ہے۔ اس ویڈیو میں وہ یہ کہتے سنائی دیتے ہیں کہ اپنی قوم کے لئے جبر کا نشانہ بننا میرے لئے عزت کی بات ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts