خبریں/تبصرے

تل ابیب: اسرائیل کے خلاف ہزاروں اسرائیلیوں اور عربوں کا مشترکہ مظاہرہ

لاہور (جدوجہد رپورٹ) مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضے کے خلاف ہفتے کے روز اسرائیل کے دارلحکومت تل ابیب میں ہزاروں کی تعداد میں عربوں اور اسرائیلیوں نے مشترکہ مظاہرہ کیا جس سے امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے بھی خطاب کیا۔

یاد رہے بنیا مین نیتن یاہو نے اعلان کر رکھا ہے کہ وہ یکم جولائی سے مغربی کنارے میں 1967ء سے قائم یہودی بستیوں کو اسرائیل میں ضم کر دیں گے۔

مظاہرے سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے برنی سینڈرز نے اسرائیل کے مجوزہ منصوبے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ عربوں اور اسرائیلیوں کا مشترکہ مظاہرہ کرنا انتہائی خوش آئند ہے۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے عرب رہنما ایمن عودۃ نے کہا کہ ہمارے سامنے دو راستے ہیں، ایک یہ کہ جمہوری بنیادوں پر عربوں کو برابر کا حق دیتے ہوئے ایک مشترکہ معاشرے کی تعمیر کی جائے جبکہ دوسرا راستہ تشدد اور نفرت کا ہے۔

مظاہرے سے اسرائیلی سیاستدانوں نے بھی خطاب کیا۔ مظاہرین چند روز قبل اسرائیلی پولیس کے ہاتھوں فلسطینی شہری عیاد کی ہلاکت کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ ذہنی طور پر مفلوج عیاد کو اسرائیلی پولیس نے شبے میں ہلاک کر دیا تھا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts