خبریں/تبصرے

لاہور: ریل مزدور اتحاد کے زیر اہتمام آئی ایم ایف کے بجٹ اور چھانٹیوں کے خلاف آج مظاہرے منعقد کئے جائیں گے

لاہور (روزنامہ جدوجہد/پی ٹی یو ڈی سی) ریل مزدور اتحاد کی اپنے مطالبات کے لئے 13جون سے جاری تحریک فیصلہ کن مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔ اس سلسلے میں آج مورخہ 14جولائی بروز منگل پاکستان بھر میں ریلوے کے محنت کش احتجاج کریں گے۔ مرکزی پروگرام لاہور میں ہو گا۔ جہاں تمام یونینز ریلوے ہیڈ کواٹر پر بوقت 12:30 مظاہرہ اور دھرنا دیں گی۔ اس احتجاج میں ریلوے کی تمام یونینزریلوے لیبر یونین، ڈپلومہ انجینئر فیڈریشن، ریلوے ورکرز یونین سی بی اے ورکشاپس، سپروائزار ویلفیئر ایسویسی ایشن میں شامل ریلوے کے سینکڑوں محنت کش احتجاج کریں گے۔

اظہار یکجہتی کے لئے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین، حقوق خلق موومنٹ، سول ایوی ایشن ایمپلائز یونٹی، پی آئی اے یونینز، انصاف لیبر یونین پاکستان سٹیل ملز لاہور، پراگریسو ورکرز یونین، ینگ ڈاکٹر ز ایسو سی ایشن، انقلابی طلبہ محاذ، پراگریسیوسٹوڈنٹس کلیکٹو ، شیخوپورہ روڈ لاہور پر واقع فیکٹریوں سے محنت کش، فیروزپور روڈ پر واقع گارمنٹس فیکٹریوں سے محنت کش، کلرکس ایسوسی ایشنزاور دیگر یونینز بڑی تعداد میں شرکت کریں گی۔

ریلوے کے مزدوروں نے اپنی انقلابی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے، ’ایک کا زخم، سب کا زخم‘ کے نعرے پر متحد ہو کر آئی ایم ایف کی تجویز کردوہ پالیسیوں کے خلاف بغاوت کا علم بلند کیا ہے۔ یہ لڑائی صرف تنخواہوں میں اضافہ کی نہیں بلکہ تمام محنت کش طبقے کی بقا کی جنگ بن چکی ہے، جس میں شامل ہونا نا گزیر عمل بن چکا ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts