خبریں/تبصرے

علی وزیر 2 روزہ پروڈکشن آرڈر پر رہا ہو کر اسلام آباد پہنچ گئے

لاہور (نامہ نگار) ممبر قومی اسمبلی علی وزیر سینیٹ انتخابات کیلئے پروڈکشن آرڈرجاری ہونے کے بعد کراچی جیل سے رہا ہو کر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچنے پر پی ٹی ایم کے کارکنوں نے علی وزیر کا والہانہ استقبال کیا اور اسلام آباد پولیس کی گاڑی کے ہمراہ انہیں پارلیمنٹ لاجز پہنچایا گیا ہے۔

علی وزیر کل 3 مارچ کو پاکستان کے ایوان بالا (سینیٹ) کے انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جس کے بعد انہیں دوبارہ کراچی جیل منتقل کر دیا جائے گا، جہاں آئندہ جمعہ کے روز ان کی درخواست ضمانت پر سندھ ہائی کورٹ میں سماعت ہوگی۔

واضح رہے کہ علی وزیر سابق فاٹا کے علاقہ جنوبی وزیرستان سے آزاد حیثیت سے منتخب ہونے والے بائیں بازو کے نظریات رکھنے والے ممبر قومی اسمبلی ہیں، وہ پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کی صف اؤل کی قیادت میں شمار ہوتے ہیں۔ انہیں گزشتہ سال دسمبر میں پشاور سے گرفتار کر کے کراچی منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کے خلاف غیر قانونی جلسہ منعقد کروانے اور اداروں کے خلاف تقریر کرنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج ہے۔ ان کے خلاف مقدمہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلایا جا رہا ہے۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچنے پر کارکنوں سے مختصر گفتگو کے دوران علی وزیر کا کہنا تھا کہ ”ہماری جنگ آئین اور قانون کے دائرے کے اندر رہتے ہوئے آئینی حقوق کی فراہمی کی جنگ ہے۔ ہمیں جدوجہد اور حق مانگنے سے روکنے کیلئے ریاست مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے، جبر و تشدد سے ہماری آواز کو دبانے کی کوشش ہو رہی ہے لیکن ہم پر امن طور پر آئین اور قانون کے دائرے کے اندر رہتے ہوئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور ریاست کا کوئی بھی ہتھکنڈہ ہمیں اپنی جدوجہدسے پیچھے نہیں ہٹا سکتا۔“

Roznama Jeddojehad
+ posts