خبریں/تبصرے

شہید کشمیر کا یوم شہادت: این ایس ایف احتجاجی ریلیاں اور جلسے منعقد کرے گی

راولاکوٹ (جدوجہد رپورٹ) جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن نے شہید کشمیر مقبول بٹ کے یوم شہادت کے موقع پر تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں احتجاجی ریلیاں اور جلسے، جلوس منعقد کرنے اور مظفرآباد کا ضلعی کنونشن کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان گزشتہ روز راولاکوٹ میں منعقدہ جے کے این ایس ایف کے مرکزی اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت مرکزی صدر خلیل بابر نے کی۔ اس اجلاس میں مرکزی صدر کے علاوہ سیکرٹری جنرل باسط ارشاد، سینئر نائب صدر عدنان خان، چیف آرگنائزر سعد خالق، سابق مرکزی صدور راشد شیخ اوربشارت علی خان کے علاوہ مرکزی عہدیداران، ممبران سنٹرل کمیٹی اور سینئر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ 11 فروری کو شہید کشمیر مقبول بٹ شہید کے یوم شہادت کے موقع پر تمام ضلعی صدر مقامات پر احتجاجی ریلیاں، جلسے اور جلوس منعقد کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ بیرون ریاست راولپنڈی اسلام آباد کے علاوہ دیگر علاقوں میں بھی پروگرامات کا انعقاد کیا جائیگا۔ اجلاس میں ممبران سنٹرل کمیٹی کے ناموں کی بھی منظوری دی گئی اور نقاش امین، اسامہ پرویز، شفقت رحیم داد کو ممبران سنٹرل کمیٹی نامزد کیا گیا، اس کے علاوہ ڈپٹی چیئرمین مالیاتی بورڈ کے عہدے کیلئے دانش یعقوب کو نامزد کیا گیا اور مرکزی صدر نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جے کے این ایس ایف کے آئین و منشور کی از سرنو اشاعت 11 فروری سے قبل کی جائیگی، اس کے علاوہ تنظیم کے ترجمان مجلے ’عزم‘ کی تیاری کیلئے ایڈیٹوریل بورڈ کی نامزدگی بھی کی گئی۔ ایڈیٹر ’عزم‘بدر رفیق کے ہمراہ مجیب خان، باسط ارشاد اور معیظ اختر کو اراکین ایڈیٹوریل بورڈ نامزد کیا گیا، اراکین ایڈیٹوریل بورڈ آئندہ اجلاس سے قبل عزم کی اشاعت کے حوالے سے تیاریوں کو حتمی شکل دینگے۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ مظفرآباد کا ضلعی کنونشن مقبول بٹ شہید کنونشن کے نام سے منعقد کیا جائیگا۔ اجلاس میں یوم مقبول بٹ شہید کی تیاریوں کے حوالے سے ضلعی اور تحصیل صدر مقامات پر اجلاس منعقد کرنے اور رابطہ مہم تیز کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ مرکزی صدر خلیل بابر نے خطاب کرتے ہوئے تمام کارکنان اور عہدیداران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ شہید کشمیر کے یوم شہادت کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے بھرپور تیاریاں کریں۔

مقبول بٹ شہید نے جموں کشمیر کی قومی آزادی کے حصول، دولت پسندی، رجعتیت اور استحصال کی ہر شکل کے خاتمے کیلئے جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جان کی قربانی دی۔ مقبول بٹ شہید کی لہو رنگ جدوجہد نے اس خطے میں آزادی اور انقلاب کی جدوجہد کو ایک نئی روح پھونکی اور آج دنیا بھر میں جموں کشمیر کی آزادی اور انقلاب کی جدوجہد منظم ہو رہی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ مقبول بٹ شہید کے خواب کی تکمیل اسی صورت ممکن ہے کہ اس خطے سے غلامی کی ہر شکل کا خاتمہ کرتے ہوئے استحصال اور طبقات سے پاک معاشرے کا قیام عمل میں لایا جائے۔ جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن جدید سائنسی سوشلزم کے نظریات کی بنیاد پر شہید کشمیر کے مشن کی تکمیل کیلئے جدوجہد کو منظم کر رہی ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ آج کے عہد میں سائنسی سوشلزم کے نظریات کی بنیاد پر جدوجہد کو استوار کرتے ہوئے سوشلسٹ انقلاب کی حتمی فتح کے حصول کے علاوہ جموں کشمیر سمیت پورے برصغیر کے انسانوں کی نجات کا کوئی راستہ موجود نہیں ہے۔

اجلاس سے خلیل بابر کے علاوہ باسط ارشاد، عدنان خان، سعد خالق، فیضان علی سرور، بدر رفیق، مجیب گلزار، عثمان عزیز، شفقت رحیم داد، ارسلان شانی، اسامہ پرویز، دانش یعقوب، مجیب خان، تیمور سلیم، راجہ نصیر، راشد باغی، نقاش امین، امتیاز خان، دانش فدا اور حنان بابر کے علاوہ دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts