خبریں/تبصرے

جے کے این ایس ایف کی جنرل کونسل کا اجلاس 15 مارچ کو ہو گا

راولاکوٹ (پ ر) جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی سیکرٹری ایٹ راولاکوٹ سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ این ایس ایف کا جنرل اجلاس 15 مارچ، بروز بدھ، دن 11 بجے راولاکوٹ میں منعقد کیا جائے گا۔

جنرل کونسل کے اجلاس کی صدارت این ایس ایف کے مرکزی صدر خلیل بابر کریں گے۔ جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق جنرل کونسل کا اجلاس مجموعی طور پر دو سیشنوں پر مشتمل ہو گا۔ پہلے سیشن میں ”جموں کشمیر کی موجودہ معاشی و سیاسی صورتحال“ کو زیر بحث لایا جائے گا، اس سیشن کے شرکا سے ترجمان میگزین ’عزم‘ کے ایڈیٹر بدر رفیق خصوصی خطاب کریں گے۔

دوسرا اور مجموعی طور پر آخری سیشن ”موجودہ صورتحال میں این ایس ایف کا کردار“ کے عنوان سے منعقد کیا جائے گا۔ جبکہ آخری سیشن سے این ایس ایف کے مرکزی صدر خلیل بابر خصوصی خطاب کریں گے۔ اس کے علاوہ جنرل کونسل کے اس اجلاس میں رمضان سرگرمیوں اور ضلع پونچھ کے آمدہ کنونشن سمیت اہم امور پر فیصلہ جات بھی کئے جائیں گے۔

مرکزی صدر نے اس بابت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی کابینہ کے اراکین، ضلعی کابینہ و برانچوں کے عہدیداران، تعلیمی اداروں کے یونٹس کے ذمہ داران سمیت این ایس ایف کے تمام سرگرم کارکنان اس اہم اجلاس میں اپنی بروقت شرکت کویقینی بنائیں۔

مرکزی صدر خلیل بابر کا کہنا تھا کہ موجودہ معاشی و سیاسی حالات طلبہ، نوجوانوں اور محنت کشوں کی دیگر پرتوں کے لئے کسی طور بھی سہل نہیں ہیں۔ حتیٰ کہ آنے والے عرصہ میں معاشی مسائل میں مزید اضافہ ہونے کی طرف جائے گا، جس سے سیاسی عدم استحکام کے بڑھنے کا خدشہ ہے۔ ایسے میں این ایس ایف کے نوجوانوں پر یہ تاریخی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ماضی کی شاندار جدوجہد کو جاری رکھتے ہوئے جموں کشمیر سمیت خطے بھر کے مستقبل کو محفوظ بنانے میں اپنا سیاسی کردار ادا کریں۔ مرکزی صدر کا مزید کہنا تھا کہ مہنگائی، بے روزگاری، مہنگی تعلیم، لا علاجی، لوڈ شیڈنگ، دہشت گردی سمیت سرمایہ دارانہ استحصال کی ہر شکل کے خلاف جدوجہد کو غیر طبقاتی سماج کے قیام تک جاری و ساری رکھیں گے۔ سچے جذبوں کی قسم آخری فتح طالب علموں، نوجوانوں اور خطے بھر کے محنت کشوں کی ہو گی۔

Roznama Jeddojehad
+ posts