پاکستان

ایمیزون کے برساتی جنگلات کی کٹائی میں 14 فیصد اضافہ

لاہور (جدوجہد رپورٹ) برازیل کے ایمیزون برساتی جنگلات کی کٹائی میں گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال مارچ میں 14 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

بائیں بازو کے صدر لوئیزانا سیو لولا ڈی سلوا نے یکم جنوری کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالا ہے۔ انہوں نے جنگلات کی کٹائی کو ختم کرنے کا عہد کیا تھا۔ ان کے پیشرو انتہائی دائیں بازو کے رہنما بولسنارو کے دور میں جنگلات کی کٹائی میں اضافہ اور ماحولیاتی تحفظ کی کوشش میں واضح کمی کی گئی تھی۔

’رائٹرز‘ کے مطابق مقامی ماحولیاتی گروپ کا کہنا ہے کہ جنگلات کے کٹاؤ میں اضافہ ظاہر کرتا ہے کہ ایمیزون اب بھی گورننس کی بہت بڑی کمی کا شکار ہے اور نئی حکومت کو ماحولیاتی جرائم پر کنٹرول کیلئے اپنی صلاحیت کو دوبارہ بنانے کیلئے فوری طور پرکام کرنے کی ضرورت ہے، جسے گزشتہ حکومت نے مکمل طور پر تباہ کر دیا تھا۔‘

خلائی تحقیقی ایجنسی کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ برازیل کے ایمیزون میں صرف گزشتہ مہینے 356 مربع کلومیٹر کے علاقے سے جنگلات کو صاف کیا گیا تھا۔

تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق جنوری سے مارچ کے دوران ہونے والی تباہی 845 مربع کلومیٹر تک ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 11 فیصد کم ہے۔

برازیل میں باضابطہ طور پر اگست سے جولائی تک سالانہ جنگلات کی کٹائی کی پیمائش کی جاتی ہے، تاکہ بارش کے مہینوں کے دوران تباہی کی مصنوعی سیارہ کی تصاویر کو دھندلا دینے والے بادلوں کے احاطہ کے اثر کو محدود کیا جا سکے۔ اس مدت کے پہلے 8 مہینوں میں اگست 2022ء سے مارچ 2023ء تک جنگلات کی کٹائی میں 39 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

جنگلات کی کٹائی کے حتمی اعداد و شمار کو بند کرنے میں صرف چار ماہ باقی ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ 2023ء میں ایمیزون کی حتمی شرحوں میں جنگلات کی کٹائی میں کمی کا امکان نہیں ہے، بلکہ اس کے بڑھنے کے امکانات زیادہ ہیں۔

 

Roznama Jeddojehad
+ posts