ٹونی عثمان
پاکستانی فلم میکرز کو کبھی بھی اظہاررائے کی آزادی نہیں رہی اور ہر دور میں فلموں کو ایک ناقابل فہم سنسرشپ کا سامنا رہاہے۔ سنہ 1954ء میں جب ملک کے وزیر اعظم محمد علی بوگرہ اور گورنر جنرل ملک غلام محمد تھے، حکومت نے ہدایتکار ڈبلیو زیڈاحمد (وحید الدین ضیا الدین احمد) کی اردو فلم ”روحی“ پر طبقاتی نفرت بھڑکانے کا الزام لگا کر اس پر پابندی لگا دی تھی۔ بعد میں یہ پابندی ختم تو کردی گئی مگر اس پابندی سے سنسر کی ایک ایسی بُری روایت شروع ہو گئی جس کا شکار آج بھی فلم میکرز ہوتے ہیں۔ زیادہ تر ممالک کے برعکس، پاکستان میں ایک نہیں بلکہ تین فلم سنسر بورڈز ہیں۔ ان تینوں کی طرف سے ہدایتکار سرمد کھُوسٹ کی فلم ”زندگی تماشہ“ کو نمائش کی منظوری دیئے جانے کے باوجود اس فلم کو پاکستان میں ریلیز نہیں ہونے دیا گیا۔ عمران خان کے دور میں ’تحریک لبیک پاکستان‘کے کہنے پر فلم کو ریلیز ہونے سے روک دیاگیا تھا۔ سرمد کھُوسٹ نے ریلیز کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھی اور سینیٹرز پر مشتمل ایک کمیٹی کو فلم دکھائی، جس نے فلم کو ریلیز کرنے کی سفارش کی مگر پھر بھی فلم کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے کی اجازت نہ ملی۔ فلم کے ہدایتکار کو کہاگیا کہ وہ اپنی فلم کا تنقیدی جائزہ لینے کے لیے اسلامی نظریاتی کونسل سے رجوع کریں۔
فاطمہ بھُٹو اور محمد حنیف جیسے عالمی شہرت یافتہ مصنفین اور ناقدین نے فلم پر پابندی کے خلاف مضامین لکھے مگر فلم کی ریلیز کے لئے راہ ہموار نہ ہو سکی۔ شہباز شریف کی حکومت کے دور میں بھی فلم کی ریلیز کے سلسلے میں پیش رفت نہ ہوئی اور سرمد کُھوسٹ نے تنگ آکر 4 اگست 2023ء کو فلم کو یوٹیوب پر ریلیز کر دیا۔ بقول ان کے اُنہوں نے ایک ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے اس فلم کی ریلیز کے لئے درکار تمام قانونی ذمہ داریاں ادا کیں لیکن ان کی فلم کو انصاف نہ ملا۔ فلم کا سکرپٹ نرمل بانو نے لکھاہے اور اسے سرمد کی بہن کنول کھُو سٹ نے پروڈیوس کیا ہے۔ سرمد نے فلم میں ایک انتہائی مختصر اور دلچسپ رول بھی کیاہے۔ فلم کا ٹائٹل 1974ء کی ہدایتکار حیدر چوہدری کی پنجابی فلم ”نوکر ووہٹی دا“ کے ایک گیت ”زندگی تماشہ بنی، دنیا دا ھاسابنی“ سے متاثر ہے۔
سرمد کھُوسٹ کوئی متنازعہ فلم بنانے کا ارادہ نہیں رکھتے تھے اور نہ ہی فلم میں کُچھ متنازعہ ہے، مگر شاید پاکستان میں انتہائی دائیں بازو کے بنیاد پرستوں کی تنقید کا نشانہ بننے کے لئے متنازعہ ہونا ضروری نہیں۔ فلم کی کہانی راحت خواجہ (عارف حسن)، جو شوقیہ طور پر ایک نعت خواں ہے، کے گرد گھومتی ہے۔ ایک دن وہ اپنے ایک دوست کے بیٹے کی شادی میں شرکت کرتاہے، جہاں دوستوں کے بے حد اصرار پر ایک پنجابی گیت پر رقص کرتاہے۔ وہ بے ہودہ یا فحش رقص نہیں بلکہ ایک معصوم سا رقص کرتا ہے۔ رقص کی ویڈیو بنائی جاتی ہے، جو وائرل ہوجاتی ہے اور اسے عدم برداشت معاشرے کاسامنا کرنا پڑتاہے۔ اخلاقیات کے خود ساختہ محافظ اسے اخلاقی اقدار کا بھاشن دیتے ہیں۔ یہاں تک کہ اسے اپنی بیٹی صدف (ایمان سلیمان) کی طرف سے بھی شدید ردعمل کا سامنا کرناپڑتاہے۔ وہ اپنی بیمار بیوی فرخندہ (سمیعہ ممتاز) کا بہت خیال رکھتا ہے اور وہ بھی اسے پیار کرتی ہے۔ پُرانی پاکستانی فلمیں دیکھنا اور پرانے گیت سننا اس کا محبوب مشغلہ ہے۔ شاید اس طرح وہ اپنی شناخت تلاش کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ عید میلاد کے موقع پر جب وہ محلے میں حلوہ اور نان بانٹتا ہے، تو پڑوسی اس کے وائرل شدہ ویڈیو کی وجہ سے اسے مسترد کرتے ہیں۔ اس طرح کے عدم برداشت کا شکار ہونے کے باوجود وہ خود دوسری اقلیتوں کے ساتھ امتیازی رویہ رکھتا ہے۔ مثال کے طور پر وہ ٹرانسجینڈر، ’Queer‘ اور ہم جنس پرست افراد کے بارے میں کئی تضحیک آمیز جُملے بولتا ہے۔ یہ منافقت عدم برداشت کی باریکیوں کو نمایاں کرتی ہے۔ راحت کے خلاف بڑھتی ہوئی نفرت کی سنجیدگی کو سمجھتے ہوئے اس کا داماد دانش (علی قریشی) مشورہ دیتا ہے کہ ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے ان سے معافی مانگی جائے جن کی دل آذاری ہوئی ہے۔ ایک مولوی (حماد حیدر بٹ) کے ساتھ مل کر بادشاہی مسجد کے قریب ایک مکان کی چھت پر معذرت کرنے والی ویڈیو کی ریکارڈنگ کا اہتمام کیاجاتاہے۔ دو تین ٹیک کے بعد مولوی ہدایت دیتاہے کہ آخر میں دُعا لمبی ہو اور اس میں فلسطین کے مسلمانوں کے لئے اور امریکہ کے نیست و نابود ہونے کی دُعا بھی ہو۔ حیدر پوچھتا ہے کہ فلسطین اور امریکہ کا اس کے ساتھ کیا تعلق؟ مولوی غصے میں کہتاہے اتنے سوالوں کی گنجائش نہیں ہوتی۔ پاکستانی معاشرہ برداشت سے عاری ایک ایسا معاشرہ بن چکاہے جہاں کسی نقط نظر اور کسی اختلاف کو برداشت نہیں کیا جاتا۔ ”زندگی تماشہ“اس معاشرے کی تصویر ہے۔
دو گھنٹے اور 6 منٹ کی اس فلم میں کُچھ مناظر ضرورت سے زیادہ لمبے ہیں، جو فلم کے فطری بہاؤ کو ناقص کرتے ہیں۔ اگرچہ یہ فلم بنانا ایک دلیرانہ اور انتہائی اہم کوشش ہے مگر فلم کی کہانی کے بعض اہم پہلو فلم کی سُست رفتاری میں کھو جاتے ہیں۔ اس کے باوجود راقم کے خیال میں جن کے پاس یوٹیوب تک رسائی ہے انہیں یہ فلم ضرور دیکھنی چاہیے تاکہ فلم کے متعلق وہ خود فیصلہ کر سکیں۔ سنیماؤں میں نمائش نہ ہونے کے باوجود سنہ 2021 ء میں یہ فلم آسکرز کے لیے پاکستان کی”آفیشل انٹری“تھی۔ اس کے علاوہ یہ جنوبی کوریا میں بوسن انٹرنیشنل فلم فیسٹیول اور لاس اینجلس، امریکہ میں ایشین ورلڈ فلم فیسٹیول میں ایوارڈز جیت چکی ہے۔