خبریں/تبصرے

معاشی بحران کے خاتمے تک ایک پائی نہیں دیں گے: ارجنٹینا کا آئی ایم ایف کو جواب

لاہور (جدوجہد رپورٹ) ارجنٹینا کی نئی حکومت نے آئی ایم ایف کے قرضے واپس کرنے سے وقتی طور پر یہ کہہ کر انکار کر دیا ہے کہ جب تک ارجنٹینا معاشی بحران سے نہیں نکلتا، کوئی قرضہ ادا نہیں کیا جائے گا۔

ارجنٹینا میں تین ماہ قبل نئی حکومت بنی تھی جس کا جھکاؤ بائیں جانب ہے۔ نئی حکومت کے صدر البرٹو فرناندس اور نائب صدر کرسٹینا فرناندس دی کرچنر ہیں۔ کرستینا کرچنر کا کہنا ہے کہ”جب تک معاشی بحران ختم نہیں ہوتا، آئی ایم ایف کو ایک پائی بھی ادا نہیں کی جائے گی“۔

ارجنٹینا پر 100 ارب ڈالر کا قرضہ ہے جبکہ اس کل قرضے میں آئی ایم ایف سے 57 ارب ڈالر لئے گئے ہیں۔ نئی حکومت کا کہنا ہے کہ معیشت کی بحالی کے لئے ریاست نے سرمایہ کاری کرنی ہوتی ہے اس لئے قرضے ادا کرنا ممکن نہیں۔

سابق صدرمارسیو ماکری کی گذشتہ حکومت کی نیو لبرل معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ارجنٹینا کی معیشت دیوالیہ ہونے کے قریب ہے جبکہ غربت میں اس قدر اضافہ ہوا ہے کہ ایک اندازے کے مطابق 35 فیصد آبادی غربت کا شکار ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts