لاہور (جدوجہد رپورٹ) منگل کے روز امریکی صدر ٹرمپ نے ایک نیا حکم جاری کیا ہے جس کے تحت مجسموں یا کسی بھی قسم کی یادگار کو گرانے یا نقصان پہنچانے کے الزام میں فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے اور اس جرم کی سزا دس سال ہو گی۔
اپنے ایک ٹویٹ میں صدر ٹرمپ نے کہا ”میں وفاقی حکومت کو اجازت دیتا ہوں کہ اگر کوئی کسی مجسمے، یادگار یا جائیداد کو ملک میں کہیں بھی نقصان پہنچائے یا گرائے اُسے ویٹرنرز پریزرویشن ایکٹ کے تحت فوری گرفتار کیا جائے“۔
اس حکم نامے کا اطلاق ماضی میں گرائے جانے والے مجسموں کے حوالے سے بھی ہو سکتا ہے۔
یاد رہے پچھلے ماہ سیاہ فام امریکی شہری جارج فلوئڈ کی ہلاکت کے بعد امریکہ میں چلنے والی نسل پرستی مخالف تحریک اور مظاہروں کے دوران کئی ایسی شخصیات کے مجسمے گرائے گئے یا ان کو نقصان پہنچایا گیا جو غلاموں کی تجارت یا غلامی کے حوالے سے بد نام تھے۔