لاہور (جدوجہد رپورٹ) نیو یارک ٹائمز نے جمعے کے روز ایک خبر میں دعویٰ کیا ہے کہ روس کی خفیہ ایجنسی نے افغانستان میں تعینات امریکی اور اس کی اتحادی افواج کے سپاہیوں کے سر کی قیمت مقرر کر دی ہے جس کے مطابق کسی بھی امریکی یا اتحادی فوجی کو ہلاک کرنے والے طالبان روس سے ایک مخصوص رقم وصول کر سکتے ہیں۔
خبر کے مطابق طالبان نے کچھ امریکی سپاہیوں کو ہلاک کرکے روس کی خفیہ ایجنسی سے رقم وصول کی ہے۔ نیو یارک ٹائمز کا کہنا ہے کہ یہ کام روسی خفیہ ایجنسی کے اسی یونٹ نے کیا ہے جو یورپ میں منحرف ہو جانے والے روسی جاسوسوں کو ہلاک کرانے کا ذمہ دار قرار دیا گیا تھا۔ نیو یارک ٹائمز نے یہ خبر امریکی انٹیلی جنس میں اپنے ذرائع کی بنیاد پر دی ہے۔
ادھر طالبان کے ترجمان ذبیع اللہ مجاہد، جن کا بیان اس خبر میں شامل ہے، نے اس خبر کی تردید کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خبر کا مقصد طالبان کو بدنام کرنا ہے۔
اتوار کے روز خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق روس نے بھی اس خبر کی تردید کی ہے۔