خبریں/تبصرے

عاصمہ جہانگیر لیکچر سیریز 2020ء: عائشہ صدیقہ پاکستان کی دفاعی اور خارجہ پالیسی کا تجزیہ کریں گی

واشنگٹن (روزنامہ جدوجہد/پریس ریلیز) معروف دفاعی تجزیہ نگار عائشہ صدیقہ اس سال عاصمہ جہانگیر لیکچر سیریز 2020ء کی کلیدی مقرر ہوں گی۔ بدھ، 26 اگست کو ہونے والے اس آن لائن خطاب میں وہ ’خاموشی کے اندھیرے: پاکستان کی دفاعی اور خارجہ پالیسی کا بیانیہ‘ کے عنوان پر اپنا تجزیہ پیش کر رہی ہیں۔

امریکہ میں ساؤتھ ایشا ڈیموکریسی واچ (SDW) اور ولسن سینٹر واشنگٹن ڈی سے کے تعاون سے ہونے والے اس ویبینار میں وہ دنیا میں ہونے والی تبدیلیوں کے نتیجے میں پاکستان کی حکمت عملی کا جائزہ لیں گی۔ چین اور روس کے بڑھتے ہوئے عالمی اثر و رسوخ کے تناظر میں وہ پاکستانی خارجہ اور سکیورٹی پالیسیوں کے بیانیوں پر اپنے وسیع تجربے اور تحقیق کا خلاصہ پیش کریں گی۔

ؑعائشہ صدیقہ آج کل اسکول آف اورینٹل اینڈ افریکن سٹڈیز، لندن، میں ریسرچ ایسوسی ایٹ ہیں جہاں وہ جنوبی ایشیا پر اپنی نئی کتاب کے لئے تحقیقی کام میں مصروف ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی سول سروس سے اپنے کیرئر کا آغاز کیا اور امریکہ میں کئی یونیورسٹیوں میں درس و تدریس کے فرائض انجام دئیے۔ وہ کنگز کالج لندن سے جنگی امور میں پی ایچ ڈی بھی کر چکی ہیں۔ ان کی کتاب Militar Inc. Inside Pakistan’s Military Ecoonomy اس موضوع پر ایک مستند تصنیف سمجھی جاتی ہے۔

ساؤتھ ایشا ڈیموکریسی واچ کے زیر اہتمام عاصمہ جہانگیر لیکچر سیریز گزشتہ سال شروع کی گئی تھی جس میں اہم عالمی امور اور انسانی حقوق پر تجزیوں کے ذریعے عاصمہ جہانگیر کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جاتاہے۔ ان کا انتقال 2018ء میں لاہور میں ہوا تھا اور انہوں نے انسانی حقوق اور انصاف کے حصول کے لئے اپنی زندگی وقف کردی تھی۔

اس بدھ کوواشنگٹن ڈی سی کے وقت کے مطابق صبح ساڑھے دس بجے ہونے والے اس ویبینار میں اس لنک کے ذریعے پیشگی ریزرویشن کی جاسکتی ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts