شاعری

غزل: آئے ہو اس طرف تو ملاقات بھی تو ہو!

قیصر عباس

آئے ہو اس طرف تو ملاقات بھی تو ہو
کیسے کٹے گی رات کوئی بات بھی تو ہو

رقصاں ہیں میرے شہر میں ہرسو اداسیاں
عہدِ خزاں میں موسمِ برسات بھی تو ہو

مانگے ہیں آسماں سے تری قربتوں کے خواب
حرفِ دعا میں کوئی کرامات بھی تو ہو

سورج کی تیزدھوپ میں جلنے لگا بدن
رستے بہت کٹھن ہیں، کہیں رات بھی تو ہو

اب کیجئے ستم کے نئے زاویے تلاش
زندانیوں میں آپ کی سوغات بھی تو ہو

میں نے بھی اپنے خون سے جیتا ہے یہ محاز
میثاقِ امن میں مری کچھ بات بھی تو ہو

قیصرؔ قرارداد میں شامل نہیں تھے ہم
کوئی فریق وقت سوالات بھی تو ہو

Qaisar Abbas
+ posts

ڈاکٹر قیصر عباس روزنامہ جدو جہد کے مدیر اعلیٰ ہیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے صحافت کرنے کے بعد پی ٹی وی کے نیوز پروڈیوسر رہے۔ جنرل ضیا الحق کے دور میں امریکہ منتقل ہوئے اور وہیں پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کی۔ امریکہ کی کئی یونیورسٹیوں میں پروفیسر، اسسٹنٹ ڈین اور ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں اور آج کل سدرن میتھوڈسٹ یونیورسٹی میں ہیومن رائٹس پروگرام کے ایڈوائزر ہیں۔ وہ ’From Terrorism to Television‘ کے عنوان سے ایک کتاب کے معاون مدیر ہیں جسے معروف عالمی پبلشر روٹلج نے شائع کیا۔ میڈیا، ادبیات اور جنوبی ایشیا کے موضوعات پر ان کے مقالے اور بک چیپٹرز شائع ہوتے رہتے ہیں۔