خبریں/تبصرے

ائر پورٹ پر کرونا مریضوں کی سونگھ کر نشاندہی کرنے والے کتوں کی 100 فیصد کارکردگی

سٹاک ہولم (نامہ نگار) فن لینڈ کے دارلحکومت ہیلسنکی میں ائرپورٹ پر کرونا مریضوں کی نشاندہی کے لئے تعینات چار کتوں کی کارکردگی تقریباً سو فیصد ہے۔ یہ کتے انتہائی مختصر وقت میں سونگھ کر اندازہ لگا لیتے ہیں کہ کس مسافر پر کرونا حملہ کر چکا ہے۔

کتوں کی مدد سے کرونا وائرس کی نشاندہی کا یہ تحقیقی منصوبہ یونیورسٹی آف ہیلسنکی نے شروع کیا تھا۔ اس منصوبے کی انچارج آنہ ہیلم بیورکمین کا کہنا ہے کہ اب تک کتوں نے سو فیصد نتائج دئیے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کتے دس سیکنڈ کے اندر کرونا وائرس کو سونگھ کر نشاندہی کر لیتے ہیں جبکہ یہ سارا عمل ایک منٹ میں مکمل ہو جاتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ انتہائی سستا طریقہ ثابت ہو سکتا ہے جسے بعد ازاں ہسپتالوں یا دیگر جگہوں پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس منصوبے پر 350,000 ڈالر خرچ ہوئے ہیں۔ اس طرح کے منصوبے برطانیہ اور آسٹریلیا کے علاوہ جرمنی میں بھی تیار کئے جا رہے ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts