خبریں/تبصرے

لاہور: ترقی پسند سماجی و سیاسی جماعتوں اور گروپوں کا بابا جان اور ان کے ساتھیوں کی رہائی کے لئے مظاہرہ

لاہور (فاروق طارق) لاہور کی ترقی پسند سماجی و سیاسی جماعتوں اور گروپوں نے شملہ پہاڑی چوک پر بابا جان اور ان کے ساتھیوں کی رہائی کے لئے زبردست مظاہرہ کیا اور ہنزہ سیاسی اسیران کمیٹی کی اپیل پر ہنزا میں جاری دھرنے سے اظہار یک جہتی کا اعلان کیا۔

مظاہرے میں درجنوں نوجوانوں اور سیاسی کارکنان نے شرکت کی اور بعد ازاں شملہ پہاڑی چوک میں ایک ریلی نکالی گئی جس میں بابا جان اور ان کے ساتھیوں کی رہائی کے لئے زبردست نعرے بازی کی گئی۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اسیر رہنما بابا جان کی چھوٹی بہن نازنین نیاز نے کہا کہ ہنزا والے پرامن لوگ ہیں ان پر دہشت گردی کا سیاہ دھبہ غلط طور پر لگایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ہمارے ساتھ انصاف کرنے اور بابا جان اور انکے ساتھیوں کی رہائی کے لئے کوششوں کا وعدہ بابا جان کی والدہ سے ملاقات میں کیا تھا۔ اس وعدے کے پورا ہونے کی کوئی امید نظر نہیں آتی۔

حقوق خلق موومنٹ کے فاروق طارق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم لاہور سے یہ آواز بلند کرنے آئے ہیں کہ ہنزا میں دھرنے پر بیٹھنے والے افراد اکیلے نہیں ہیں ہم ان کے ساتھ اظہار یک جہتی کرنے آئے ہیں۔ ہم گلگت بلتستان کے جمہوری و قومی حقوق کی حمائیت کرتے ہیں۔ گلگت بلتستان کے معاملات کو اسلام آباد سے چلانے کی روش بند کی جائے۔ گلگت بلتستان کے سیاسی قیدی رہا کئے جائیں، بابا جان اور ان کے 13 ساتھیوں کی رہائی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

مظاہرین سے عوامی ورکرز پارٹی کی شازیہ خان، حیدر بٹ، عمار علی جان، سیمسن سلامت اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts