اسلام آباد (نمائندہ جدوجہد) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے میڈیا ورکرز کی برطرفیوں کے خلاف رواں ماہ 11 نومبر کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔ پی ایف یو جے کے صدر شہزادہ ذوالفقار اور سیکرٹری جنرل ناصر زیدی کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ بیان میں ”روزنامہ جناح اسلام آباد“ کی بندش اور میڈیا ورکرز کی برطرفیوں کے فیصلہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے انتظامیہ کے اس اقدام کو ظالمانہ اقدام قرار دیا ہے۔
مشترکہ پریس ریلیز میں ”روزنامہ جناح“ کی انتظامیہ کو خبردار کیا ہے کہ وہ کارکنوں کا معاشی قتل کرنے سے باز رہے۔ ہم اس صورتحال کو برداشت نہیں کرینگے اور ہر صورت میں کارکنوں کے حقوق کا تحفظ کرینگے۔ چاہیے تو یہ تھا کہ جناح انتظامیہ کارکنوں کو تنخواہیں بر وقت ادا کرتی، ان کے بقایا جات دیتی لیکن اس نے بغیر کسی نوٹس کے تمام کارکنوں کو نوکریوں سے فارغ کر دیا ہے۔ ہم جناح انتظامیہ کے اس ظالمانہ اقدام کی مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ کارکنوں کو فوری بحال کریں اور اْن کی تنخواہیں ادا کریں۔
پی ایف یو جے کے رہنماؤں نے کہا کہ پورے ملک میں ہزاروں میڈیا ورکرز برطرف کر دئیے گئے اور یہ سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ میڈیا ورکرز کی برطرفیوں اور کارکنوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پی ایف یو جے 11 نومبر کوپورے ملک میں بھرپور مظاہرے کرے گی۔
انہوں نے تمام یوجیز سے اپیل کی کہ وہ احتجاج کو بھرپور طریقے سے منائیں۔ یہ ہماری بقا کی تحریک ہے جسے ہم جب تک کارکن بحال نہیں ہو جاتے اس وقت تک جاری رکھیں گے۔