لاہور (جدوجہد رپورٹ) ارجنٹینا کے فٹ بال لیجنڈ ڈیاگو میرا ڈونا جہاں دنیا بھرمیں فٹ بال کے ایک سٹار کھلاڑی کے طورپر مشہور تھے وہاں سماجی نا انصافیوں، غربت اور بیروزگاری کے خلاف ایک توانا آواز کے طورپر بھی جانے جاتے تھے۔
وہ لاطینی امریکہ دیگر خطوں کی خودمختاری اور غربت اور برے حالات میں پرورش پانے والے بچوں کے حق میں آواز اٹھاتے رہے۔ وہ خود بھی آٹھ بہن بھائیوں میں پانچویں نمبر پر تھے اور انتہائی غربت کے عالم میں انکا بچپن گزرا جسے انہوں نے کبھی بھلایا نہیں۔
میرا ڈونا نے اپنی زندگی میں کئی مرتبہ ایسا موقف اختیار کیا جو کبھی بھی آسان نہیں سمجھا جاتا تھا۔ ایسا ہی ایک بیان انہوں نے ویٹیکن سٹی کے دورے کے بعد جاری کرتے ہوئے ویٹیکن سٹی کے چرج کی چھتوں پر لگے سونے کو غریبوں کو دینے کا مشورہ دے دیا تھا۔ ویٹیکن سٹی میں کیتھولک چرج کے دورے کے دوران انہوں نے پوپ جان پال دوم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ ”میں ویٹیکن میں تھا اور میں نے سونے سے بنے تمام چھت دیکھے اور اس کے بعد میں نے پوپ کو یہ کہتے سنا کہ چرچ غریب بچوں کی فلاح و بہبود کیلئے بہت پریشان ہے۔ پھر کچھ کرتے کیوں نہیں اپنی چھت فروخت کر دو۔“