پاکستان

تنویر احمد کی گرفتاری کے خلاف 10 دسمبر کو بھوک ہڑتالی کیمپ لگے گا

راولا کوٹ(نامہ نگار) جموں کشمیر عوامی ورکرز پارٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ وہ صحافی و سماجی کارکن تنویر احمد کی گرفتاری کے خلاف انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر 10 دسمبر کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے علامتی بھوک ہڑتال کریں گے۔ یہ بھوک ہڑتالی کیمپ 10 دسمبر کو صبح 10 بجے سے شام 05 بجے تک لگایا جائے گا۔

اس علامتی بھوک ہڑتال کا مقصد انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر پاکستانی زیر انتظام جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بالخصوص تنویر احمد کی گرفتاری کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروانا ہو گا۔

واضح رہے کہ تنویر احمد کشمیری نژاد برطانوی صحافی و سماجی کارکن ہیں۔ انہیں چند ماہ قبل پاکستانی زیر انتظام جموں کشمیر کے علاقہ ڈڈیال میں حریت پسند لیڈر مقبول بٹ شہید کی یادگار سے پاکستانی پرچم اتارنے کے الزم میں گرفتار کیا گیا تھا۔ تنویر احمد کی گرفتاری کے خلاف ڈڈیال سمیت پاکستانی زیر انتظام جموں کشمیر کے دیگر شہروں اور بیرون ملک بھی احتجاجی مظاہرے منعقد کئے گئے لیکن تاحال انہیں رہا نہیں کیا گیا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts