لاہور (نامہ نگار) سوشل میڈیا کمپنی ٹویٹر نے امریکی سازشی گروپ ’QAnon‘ اور پاکستان تحریک انصاف کے حامیوں کے ہزاروں اکاؤنٹس معطل کر دیئے ہیں۔
ٹویٹر نے گزشتہ ہفتے امریکی دارالحکومت میں ہنگاموں کے بعد دائیں بازو کی سازشی تھیوریوں سے وابستہ ایک گروپ ”کیو آنون گروپ“ کے متعلق 70 ہزار سے زائد اکاؤنٹس معطل کئے ہیں۔
سوشل میڈیا کمپنی نے منگل کو کہا کہ ”واشنگٹن ڈی سی میں گزشتہ ہفتے ہونے والے واقعات، جن میں جہاں ٹرمپ کے حامی وفاداروں کے ہجوم نے دارالحکومت کی عمارت پر تشدد و طوفان برپا کرنے کی کوشش کی تھی، کو دیکھتے ہوئے آن لائن مہم کے ذریعے آف لائن نقصان پہنچانے کا امکان ہے۔“
ٹویٹر نے ایک بلاگ پوسٹ میں کہا کہ ”بہت سے معاملات میں ایک فرد نے متعدد اکاؤنٹس چلا کر اکاؤنٹس کی تعداد میں اضافہ کیا تھا۔ یہ اکاؤنٹس بڑے پیمانے پر نقصان دہ اور کیو آنن گروپ سے وابستہ مواد کی تشہیر میں مصروف تھے اور بنیادی طور پر سازشی نظریہ کی تشہیر کیلئے وقف تھے۔“
کیوآنن کی سازشی تھیوری اس عقیدے پر مرکوز ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ شیطانی پیڈوفائلز، ڈیپ سٹیٹ، دشمنوں اور بچوں کی جنسی مقاصد کیلئے سمگلنگ کے گروہوں کے خلاف ایک خفیہ مہم چلا رہے ہیں۔ اس سے قبل بھی ٹویٹر نے کیو آنن کو ختم کرنے کی کوشش کی تھی اور گزشتہ سال جولائی میں 7 ہزار سے زائد اکاؤنٹس کو معطل کردیئے تھے۔
دریں اثنا صحافی مبشر بخاری کے خلاف مہم چلانے والے پاکستان کی حکمران جماعت تحریک انصاف کے حامیوں کے ہزاروں اکاؤنٹس بھی ٹویٹر نے معطل کر دیئے ہیں۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ یہ اکاؤنٹس معطل کرنے کا مطلب یہ ہے کہ زیادہ تر اکاؤنٹس اپنے فالوورز کھو دیں گے جبکہ کچھ اکاؤنٹس مکمل طور پر بند ہو جائیں گے۔