خبریں/تبصرے

لاہور: آئی ایم ایف اور حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

لاہور (جدوجہد رپورٹ) حقوق خلق موومنٹ اور پروگریسو سٹوڈنٹس کولیکٹو (PSC)کے زیر اہتمام 14 جون کو لاہور میں پنجاب اسمبلی کے بالمقابل چیئرنگ کراس پر وفاقی بجٹ کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کے وقت پنجاب کا سالانہ بجٹ پیش کیا جا رہا تھا۔

مظاہرے میں نوجوانوں، محنت کشوں اور سیاسی و ٹریڈ یونین کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے تحریک انصاف کی حکومت، آئی ایم ایف اور امریکی سامراج کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔

اس موقع پر آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر جنرل کرسٹین لیگارڈ کی ایک قد آور تصویر بھی رکھی گئی تھی جس میں اس کے منہ کو عوام کے خون سے سرخ دکھایا گیا تھا۔

پروگریسو سٹوڈنٹس کولیکٹو کے رہنما حیدر بٹ نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ سامراجی مالیاتی اداروں کی مالی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لئے ان کی ہدایات کے عین مطابق بنا کر پیش کیا گیا ہے۔ حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں پر عمل درآمد کے لئے پاکستانی عوام کو قربانی کا بکرا بنا دیا گیا ہے جس کے نتیجے میں تمام بنیادی اشیا کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں۔ حیدر بٹ نے مزیدکہا یہ انتہائی بھیانک بات ہے کہ وہ حکومت جو نوجوانوں کی ترجمانی کا دعویٰ کرتی ہے اس نے تعلیم اور ماحولیات کا بجٹ کم کر دیا ہے جس سے عوام کی زندگیوں کو مزید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل میر نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سیاسی اپوزیشن کے خلاف جابرانہ اقدامات سے اپنی عوام دشمن معاشی پالیسیوں کو چھپا نہیں سکتی۔ سماجی شعبہ میں بجٹ زیادہ رکھنے کی بجائے اسے کم کر دیا گیاہے اور ٹیکسوں کی بھرمار کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف عوامی تحریک جاری رکھیں گے۔

عوامی ورکرز پارٹی کے ترجمان فاروق طارق نے کہا کہ اس عوام دشمن بجٹ کو رد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ غریب عوام کے لئے زہر قاتل ہے۔ بجٹ پیش ہوتے ہی مہنگائی کی ایک نئی لہر سامنے آئی ہے۔ فاروق طارق نے مطالبہ کیا کہ کم از کم تنخواہ تیس ہزار روپے اور پنشن کی بیس ہزار کی جائے۔ انہوں نے بھٹہ مزدوروں کی اجرت میں بھی فوری اضافے کا مطالبہ کیا۔

فاروق طارق نے شمالی وزیرستان میں فوری طور پر کرفیو اٹھانے کے علاوہ علی وزیر، محسن داوڑ اورگرفتار ہونے والے دیگر رہنماؤں سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف فاشسٹ رحجانات کو فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے گرفتار شدہ تمام ارکان اسمبلی کے پراڈکشن آرڈر جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

مظاہرین سے جلوت علی، عمار علی جان، زاہد علی اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور موجودہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کی شدید مذمت کی۔

مظاہرین نے بڑی تعداد میں سرخ جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے اور وہ آئی ایم ایف اور حکومت کے خلاف زبردست نعرے بازی کر رہے تھے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts