خبریں/تبصرے

قمرالزماں خاں کو رہا نہ کیا گیا تو پورے ملک میں احتجاج کریں گے، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن

لاہور (عامر کریم نمائندہ پی ٹی یو ڈی سی) پیپلز یوتھ آرگنائزیشن پنجاب (PYO) کے صدر ذوہیب بٹ نے لاہور میں ایک احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے سینئر کارکن اور مزدور رہنما قمرالزماں خاں پر قائم جھوٹے مقدمات ختم کر کے انہیں رہا نہ کیا گیا تو پورے ملک میں احتجاج کریں گے۔ یاد رہے کہ آئی ایم ایف کے خلاف احتجاج کی پاداش میں گزشتہ روز قمرالزماں خاں کو صادق آباد میں اُن کے گھر سے گرفتار کر کے ان پر امن عامہ میں خلل کا جھوٹا پرچہ قائم کر دیا گیا تھا۔ وہ تا حال زیرِ حراست ہیں۔


قبل ازیں پیپلز یوتھ آرگنائزیشن لاہور نے عوام دشمن بجٹ، قیادت کی گرفتاریوں اور مہنگائی کے خلاف ناصر باغ تا پریس کلب احتجاجی ریلی نکالی جس میں سینکڑوں نوجوانوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ ریلی کا آغاز ناصر باغ (استبول چوک) سے کیا گیا جو مال روڈ سے ہوتی ہوئی براستہ گورنر ہاؤس پریس کلب پہنچی۔ جہاں ریلی نے جلسہ عام کی شکل اختیار کی اور  پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں زوہیب بٹ نے مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا اور پی ٹی یو ڈی سی کے مرکزی جنرل سیکٹری قمر الزماں خاں کی گرفتاری کی شدید مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ قمر الزماں پیپلز پارٹی اور مزدور تحریک کے انقلابی رہنما ہیں جنہوں نے مہنگائی مخالف احتجاج کی کال دی جس کی پاداش میں ان پر جعلی اور بے بنیاد مقدمات دائر کیے گئے۔ ہم ان جھوٹے مقدمات کی مذمت کرتے ہیں اور اگر یہ مقدمات ختم نہ کیے گئے تو ملک گیر احتجاجی تحریک چلائی گئی۔ زوہیب بٹ کی تقریر کے بعد مظاہرے کا باقاعدہ اختتام کیا گیا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts