لاہور (جدوجہد رپورٹ) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے ’روزنامہ امت‘ میں خواتین پر غیر اخلاقی حملے کی بھرپور مذمت کی ہے۔
صدر پی ایف یو جے شہزادہ ذوالفقار اور سیکرٹری جنرل ناصر زیدی نے مشترکہ بیان میں ’روزنامہ امت‘ کے پیر کے اخبار کے صفحہ اؤل پر خواتین پر کئے جانے والے غیر اخلاقی حملے پر شدید مذمت کی اور اسے صحافت کے تمام اصولوں اور اخلاقیات کے منافی قرار دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ”پاکستانی صحافت کی تاریخ میں کبھی بھی معاشرے کے کسی بھی طبقے کے خلاف اس طرح کے الفاظ استعمال نہیں ہوئے تھے اورایسا لگتا ہے کہ ’روزنامہ امت‘ جیسے اخبارات انتہا پسندی کے ایجنڈے پر کام کرنے والے عناصر کے لئے استعمال ہو رہے ہیں۔ ایسے عناصر نہیں چاہتے کہ خواتین مجموعی طور پر معاشرے اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔“
بیان میں آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) پرزور دیا گیا کہ وہ ’روزنامہ امت‘ کی انتظامیہ کے خلاف فوری اور مناسب کارروائی کریں۔“