خبریں/تبصرے

شہباز شریف کی ضمانت: عمران خان سعودی دورہ احتجاجاً چھوڑ کر واپس آنے لگے تھے

لاہور (جدوجہد رپورٹ) دی فرائیڈے ٹائمز (ٹی ایف ٹی) نے اپنی تازہ اشاعت میں دعویٰ کیا ہے کہ شہباز شریف کی ضمانت پر رہائی پر عمران خان سعودی عرب کا دورہ احتجاجاً چھوڑ کر واپس آنے لگے تھے۔ جس وقت شہباز شریف کی ضمانت منظور کی گئی اس وقت عمران خان فوجی اور سول قیادت کے ہمراہ دورہ سعودی عرب پر موجود تھے۔

ٹی ایف ٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ ضمانت کی خبرپر عمران خان نے سخت کراہت محسوس کی اوردورہ سعودی عرب احتجاجاً چھوڑ کرواپس آنے کی کوشش کی، تاہم انہیں کسی طرح قابو کیا گیا اور بعد ازاں انہوں نے شہباز شریف کے بیرون ملک جانے کا راستہ روک دیا۔

ٹی ایف ٹی نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری جو متحدہ عرب امارات فرار ہو گئے تھے وہ اب واپس آگئے ہیں اور انہوں نے خود کو راستے سے ہٹانے کیلئے سازش کرنے کا ذمہ دار معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کو قرار دیا ہے۔ زلفی بخاری نے یہ بھی کہا ہے کہ اس طرح خاموشی سے راستے سے نہیں ہٹوں گا۔

واضح رہے کہ راولپنڈی رنگ روڈ سکینڈل میں نام آنے کے بعد زلفی بخاری سے معاون خصوصی برائے وزیراعظم کے عہدے سے استعفیٰ لے لیا گیا تھا، جس کے بعدوہ بیرون ملک چلے گئے تھے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts