لاہور (جدوجہد رپورٹ) پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ (پی سی ٹی بی) نے پیر کے روز آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی جانب سے شائع کی جانیوالی ساتویں کلاس کی سوشل سٹڈیز کی کتاب ضبط کر لی ہے۔ مذکورہ کتاب میں 1965ء کی جنگ کے ہیرو میجر عزیز بھٹی کے ہمراہ ملالہ یوسف زئی کو بھی اہم شخصیات کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
’ڈان‘ کے مطابق کتاب کے صفحہ 33 پر کچھ اہم شخصیات کی تصاویر شائع کی گئی ہیں، جن میں محمد علی جناح، علامہ اقبال، سرسید احمد خان، لیاقت علی خان، عبدالستار ایدھی، بیگم رعنا لیاقت علی خان، میجر عزیز بھٹی اور ملالہ یوسف زئی کی تصاویر شامل ہیں۔
پی سی ٹی بی ذرائع کے مطابق مذکورہ کتاب متعدد تعلیمی اداروں میں تقسیم کی جا چکی ہے۔ تاہم پی سی ٹی بی، پولیس اور دیگر ایجنسیاں لاہور شہر بھر میں چھاپے مار رہی ہیں، اس کے علاوہ میجر عزیز بھٹی کے ساتھ ملالہ کی تصویر شائع کرنے پر کتاب کو ضبط کرنے کی رپورٹ بھی درج کی گئی ہے۔
پیر کے روز پی سی ٹی بی عہدیداروں کی ایک ٹیم نے گلبرگ کی منی مارکیٹ میں واقع آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے دفتر پر چھاپہ مارا اور کتاب کا پورا اسٹاک ضبط کر لیا۔ انہوں نے پریس کو ایک خط بھی سونپ دیا جس میں کہا گیا تھا کہ اس کتاب کو کوئی این او سی جاری نہیں کیا گیا ہے۔
ایک پبلشر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ”یہ کتاب پی سی ٹی بی کو جائزہ لینے اور این او سی کیلئے دو سال قبل پیش کی گئی تھی۔ بورڈنے اس کے مندرجات کا جائزہ لینے کے بعد اشاعت کیلئے اس کی منظوری نہیں دی۔ آکسفورڈ یونیورسٹی پریس نے این او سی جاری نہ ہونے کے باوجود کتاب شائع کی ہے۔“
انکا کہنا تھا کہ ”پی سی ٹی بی کے عہدیداروں، پولیس اور دیگر ایجنسیوں نے ان کی دکان کا دورہ کیا، کتاب کے بارے میں دریافت کیا اور کتاب ضبط کرنے کے احکامات پڑھ کر سنائے۔“
یاد رہے کہ گزشتہ سال پی سی ٹی بی نے 100 درسی کتب پر پابندی عائد کی تھی مذکورہ کتب کو دو قومی نظریہ کے خلاف ”غیر اخلاقی اور غیر قانونی“ قرار دیا گیا تھا۔ پی سی ٹی بی کا کہنا تھا کہ کچھ کتابوں میں محمد علی جناح اور علامہ اقبال کی درست تاریخ پیدائش تک نہیں چھاپی گئی تھی جبکہ کچھ دوسری کتابوں میں ملک کے خلاف ”توہین آمیز مواد“ اور غلط نقشے موجود تھے۔ اسی طرح پنجاب کے 36 اضلاع تھے لیکن ان میں سے کچھ کتابوں میں 35 کا ذکر ہے۔