خبریں/تبصرے

سپن بولدک چوکی فتح کرنے پر کوئٹہ میں طالبان کی ریلی

لاہور (جدوجہد رپورٹ) پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ساتھ جڑنے والی افغان سرحد پر افغان طالبان کے قبضہ اور سپن بولدک چوکی پر جھنڈا لہرائے جانے کے بعد بلوچستان کے صوبائی درالحکومت میں طالبان کی حمایت میں ایک موٹر سائیکل ریلی کی ویڈیو سوشل میڈیا پرگردش کر رہی ہے۔

پی ٹی ایم کے رہنما اور آزاد حیثیت سے منتخب ہونے والے ممبر قومی اسمبلی محسن داوڑ نے مذکورہ ویڈیو اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ”طالبان دہشت گرد کوئٹہ سمیت پاکستان کے مختلف علاقوں میں آزادانہ گھوم پھر رہے ہیں، ریاست کی رضامندی کے بغیر اس طرح کی بے باکی ممکن نہیں ہے۔ افغانیوں اور ہمارے ہزاروں لوگوں کے قاتلوں کی کھلی حمایت کی جا رہی ہے۔ ہم ایسی خودکشیوں کی مخالفت کی پالیسی جاری رکھیں گے۔“

واضح رہے کہ پاکستان کے ساتھ جڑنے والی افغانستان کی سرحد کے اکثریتی علاقوں پر طالبان کے مبینہ قبضے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے تاہم افغان حکومت اس بات کی تردید کر رہی ہے۔ طالبان کی جانب سے افغان صوبہ قندھار پر قبضے کے دعوے پر مبنی بیان جاری کیا گیا ہے۔

’جیو نیوز‘ کے مطابق چمن بارڈر پر باب دوستی کو بند کر دیا گیا ہے، سپن بولدک چوکی فتح کرنے کے بعد باب دوستی سے افغان پرچم اتار دیا گیا ہے اور وہاں طالبان کا پرچم لہرایا جا رہا ہے۔ خبروں میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ طالبان نے پاکستان کے ساتھ منسلک سرحد کے اکثریتی حصہ پر قبضہ کر لیا ہے اور افغان فورسز نے ہتھیار ڈال دیئے ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts