لاہور (جدوجہد رپورٹ) تفریحی پارک میں جھولوں سے لطف اندوز ہوتے طالبان جنگجوؤں کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد طالبان نے مذکورہ تفریحی پارک کو جلا دیا ہے۔
’آر ٹی‘ کے مطابق یہ ویڈیو اسی پارک کی ہے جس میں کچھ دن قبل طالبان جنگجوؤں کے بمپر کاروں پر سواری لینے اور دیگر جھولوں سے لطف اندواز ہونے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں ایک پورے تفریحی پارک میں آگ کے شعلے بھڑکتے ہوئے نظر آرہے ہیں اور ایک صارف نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ یہ ویڈیو کلپ شبر غان کے بوخدی تفریحی پارک کا ہے۔
تاہم کچھ میڈیا ہاؤسز کی جانب سے یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ یہ وہ تفریحی پارک نہیں ہے جس میں طالبان جنگجوؤں کی ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں، یہ ایک تھیم پارک ہے جسے نذر آتش کیا گیا ہے اور اس کو نذر آتش کرنے کی بڑی وجہ اس پارک میں نصب کئے گئے مجسموں کو قرار دیا گیا ہے۔