لاہور (جدوجہد رپورٹ) یورپی یونین کے رکن ملک ہالینڈ میں افغان پناہ گزینوں کی ممکنہ آمد کے خلاف احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔ پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر ہونے کی وارننگ دی گئی تاہم مظاہرین نے پولیس کے انتباہ کو خاطر میں نہ لایا اور احتجاج جاری رکھا، پولیس انتباہ کے بعد مظاہرے میں افراتفری بھی پھیلی۔
بدھ کے روز 250 کے لگ بھگ مظاہرین اس کیمپ کے باہر جمع ہو گئے جہاں افغانستان سے آنے والے 800 کے قریب پناہ گزینوں کو ٹھہرائے جانے کا امکان ہے۔ مظاہرین قوم پرست گانے گا رہے تھے اور انہوں نے ٹائروں کو آگ لگائی اور افغان پناہ گزینوں کی آمد پر ان کے خلاف تشدد کو ابھارنے کی اپیلوں پرمبنی بینر بھی لہرائے۔
بی بی سی کے مطابق پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ یاد رہے کہ ہالینڈ نے 800 پناہ گزینوں کو رکھنے کے انتظامات کیے ہیں اور پناہ گزینوں کی پہلی کھیپ منگل کی شام نیدرلینڈ پہنچ چکی ہے۔ اوریہ آرمی کیمپ ہالینڈ میں افغان پناہ گزینوں کے لیے قائم کی گئی چار پناہ گاہوں میں سے ایک ہے۔