لاہور (جدوجہد رپورٹ) ’دی فرائیڈے ٹائمز‘ کے مقبول کالم ’سچ گپ‘ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پنجاب حکومت کی سابق ترجمان فردوس عاشق اعوان کی برطرفی عمران خان کو بھیجے گئے ایک آڈیو پیغام کی وجہ سے ہوئی، جسے عمران خان نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو ارسال کر دیا تھا۔
مضمون میں لکھا گیا ہے کہ کچھ عرصہ پہلے تک پنجاب حکومت کی ترجمانی کرنے والی فردوس عاشق اعوان کو برطرفی کے بعدپنجاب اسمبلی میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ یہ بھی لکھا گیا ہے کہ انہیں ایک عجیب’بیماری‘لاحق ہے جس کی وجہ سے انہیں کوئی پتہ نہیں چلتا کہ وہ کس سے اور کس طرح سے بات کر رہی ہیں۔
مضمون میں کہا گیا ہے کہ اس برطرفی سے قبل فردوس عاشق اعوان نے ایک طویل آڈیو پیغام وزیر اعظم عمران خان کو بھیجا تھا، مذکورہ پیغام میں انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کوئی ایک بھی ایسی کمزوری نہیں تھی جس کی نشاندہی نہ کی گئی ہو۔ تاہم وزیر اعظم عمران خان نے دونوں کے مابین ثالثی کروانے کی بجائے فردوس عاشق اعوان کا بھیجا گیا آڈیو پیغام وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو ارسال کر دیا۔
مضمون میں کہا گیا ہے کہ چونکہ عمران خان کی نظر میں عثمان بزدار کوئی غلط کام کر ہی نہیں سکتے، اس لئے انہوں نے فوری طور پر فردوس عاشق اعوان کو ہی برطرف کر دیا۔