خبریں/تبصرے

پاکستان کلائمیٹ جسٹس مارچ 8 نومبر کو ہو گا

لاہور (جدوجہد رپورٹ) گزشتہ روز متعدد سماجی اور سیاسی تنظیموں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کلائمیٹ جسٹس مارچ 8 نومبر کو ہو گا۔ مارچ شملہ پہاڑی سے شروع ہو کر ایوان اقبال تک جائے گا۔

ہیومن رائیٹس کمیشن پاکستان کے دفتر میں ہونے والے اجلاس کی صدرات عرفان مفتی اور فاروق طارق نے کی۔ اجلاس میں سکاٹ لینڈ میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ہونے والے کلائمیٹ چینج اجلاس کے فیصلوں اور تجاویز پر عدم اعتماد کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ دنیا ماحولیاتی تباہی کے قریب ہوتی جا رہی ہے اور جو اقدامات ماحول ٹھیک کرنے کے لئے ضروری ہیں ان کو اٹھانے سے گریز کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں لاہور کے گندا ترین شہر ڈیکلئر ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا اور طے کیا گیا کہ لاہور سمیت ملک بھر میں ماحولیاتی انصاف کی تحریک مزید تیز  کی جائے گی۔

اجلاس کے شرکا نے 8 نومبر کو ایشین پیپلز موومنٹ ان ڈیبٹ اینڈ ڈوویلپمنٹ سمیت دنیا بھر میں ماحولیاتی انصاف مارچ کرنے کی تجویز کو منظور کرتے ہوئے پاکستان کلائمیٹ جسٹس مارچ کا اعلان کیا۔ اجلاس میں مارچ کی کامیابی کے لئے مختلف کمیٹیوں کی تشکیل دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرنے والوں میں رافع عالم، صائمہ ضیا، پروفیسر ضیغم عباس، فاروق طارق، ناصرہ حبیب، ایمن، محمد تحسین، سفیر مان، بشرہ ماہ نور ، عرفان مفتی، ناصر اقبال، محمد شبیر، مبشر رانا، رائے علی آفتاب، حنا شاہد، پروفیسر سردار اصغر اقبال، رفعت مقصود، مزمل خان اور دیگر شامل تھے۔

اجلاس میں شریک تنظیموں میں حقوق خلق موومنٹ، عورت مارچ، جوائینٹ ایکشن کمیٹی فار پیپلز رائٹس، پاکستان بھٹہ مزدور یونین، پاکستان کسان رابطہ کمیٹی، پروگریسو سٹوڈنٹس کولیکٹو, پروگریسو لیبر فیڈریشن، کلائمیٹ ایکشن پاکستان، تعمیر نو ویمن ورکرز آرگنائزیشن و دیگر شامل تھیں۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ اس مارچ میں مزید تنظیموں کو شامل کیا جائے گا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts