لاہور (جدوجہد رپورٹ) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور ممبر قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق نے مطالبہ کیا ہے کہ علی وزیر کو رہا کیا جائے۔
انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ”آئین پاکستان کے تحت حلف اٹھانے والے ایم این اے علی وزیر کئی ماہ سے جیل میں ہیں۔ انکے پروڈکشن آرڈر جاری ہوتے ہیں، نہ ضمانت ہونے دی جاتی ہے۔ ٹی ٹی پی (تحریک طالبان پاکستان) سے بات ہو رہی ہے، ٹی ایل پی (تحریک لبیک پاکستان) سے معاملہ طے کیا گیا، پھر عدم تشدد کے داعی علی وزیر رہا کیوں نہیں ہو سکتے۔ 2 نہیں 1 پاکستان۔ آئین کی رٹ تسلیم کرنے والے علی وزیر کو رہا کیا جائے۔“
یاد رہے کہ علی وزیر کو گزشتہ سال دسمبر میں پشاور سے گرفتار کر کے کراچی جیل منتقل کیا گیا تھا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ریاستی اداروں کے خلاف جلسہ منعقد کیا ہے اور ریاستی اداروں کے خلاف تقریر کی ہے۔ ان کے خلاف غداری کا مقدمہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلایا جا رہا ہے۔
تاہم گزشتہ ایک سال سے ان کی ضمانت کی درخواست منظور نہیں ہو سکی ہے اور نہ ہی ان کی تقریر کا ترجمہ کر کے اس پر بحث کی جا کر مقدمہ کو نمٹایا جا سکا ہے۔