خبریں/تبصرے

40 سال میں مالکان کی آمدن 1000 فیصد جبکہ مزدوروں کی تنخواہ صرف 12 فیصد بڑھی…

سٹاک ہوم (فاروق سلہریا/آن لائن رپورٹ) امریکہ کے ایک تحقیقاتی ادارے ’اکنامک پالیسی انسٹیٹیوٹ‘ کی تازہ رپورٹ کے مطابق 1978ء سے اب تک امریکی کمپنیوں کے مالکان کی آمدنیوں میں 1000 فیصد جبکہ اوسط امریکی مزدور کی تنخواہ میں محض 12 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اکنامک پالیسی انسٹیٹیوٹ کے اس جائزے کے مطابق350 بڑی امریکی کمپنیوں کے سی ای اوز (CEOs) کی تنخواہیں اوسط امریکی مزدور سے 278 گنا زیادہ ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آمدن میں اس ہوشربا اضافے کا سب سے زیادہ فائدہ والٹن فیملی کو ہوا ہے۔ یہ خاندان وال مارٹ کا مالک ہے۔ اس خاندان کی دولت کاجو تخمینہ لگایا گیا ہے اس کے مطابق نہ صرف یہ خاندان 191 ارب ڈالر کا مالک ہے بلکہ اس کا ہر فرد فی منٹ 70,000 ڈالر، فی گھنٹہ 4 ملین ڈالر جبکہ روزانہ 100 ملین ڈالر کما رہا ہے۔

یہ رپورٹ ترقی یافتہ ممالک میں مسلسل بڑھتی ہوئی طبقاتی تفریق کی غمازی کرتی ہیں جہاں پیداواریت (Productivity) میں کئی گنا اضافے کے باوجود محنت کشوں کی تنخواہیں 1970ء کی دہائی کے بعد سے کم و بیش منجمد ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts