خبریں/تبصرے

افغان صدارتی انتخابات میں 85 ہلاکتیں ہوئیں، اصل اعداد و شمار چھپائے گئے: اقوام متحدہ

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) گذشتہ ماہ ہونے والے افغان صدارتی انتخابات کے لئے چلائی جانے والی مہم کے دوران اور پولنگ والے دن، مجموعی طور پر، کم از کم 85 افراد ہلاک اور 370 زخمی ہوئے۔ صرف الیکشن والے دن 28 افراد ہلاک ہوئے۔ سرکاری طور پر یہ اعلان کیا گیا تھا کہ الیکشن والے دن صرف 37 افراد زخمی ہوئے ہیں اور کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔

ٹیلی سور انگلش پر شائع ہونے والی خبر کے مطابق یہ اعداد و شمار افغانستان کے لئے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری کے خصوصی نمائندے تادامچی یاما موتو نے جاری کئے ہیں۔

ان انتخابات کا نتیجہ ہفتے کے دن متوقع ہے اور 9.6 ملین رجسٹرڈ ووٹرز میں سے فقط 27 فیصد نے حق رائے دہی استعمال کیاتھا۔

رپورٹ کے مطابق انتخابی مہم کے دوران دو خود کش حملوں میں جو 28 جولائی اور 17 ستمبر کو ہوئے، سب سے زیادہ جان لیواثابت ہوئے۔

ادہر طالبان کے نمائندے ذبیح اللہ مجاہد نے ان ہلاکتوں کی ذمہ داری حکومت پر ڈالی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ”ممکن ہے کچھ لوگ طالبان کے ہاتھوں ہلاک ہوئے ہوں مگر زیادہ افرادفوج کی کاروائیوں میں ہلاک ہوئے۔ ہم نے لوگوں کو متنبہ کیا تھا کہ وہ الیکشن میں حصہ نہ لیں کیونکہ طالبان فوج کے خلاف کاروائیاں کریں گے“۔

Roznama Jeddojehad
+ posts