خبریں/تبصرے

بجلی کی قیمتوں اور ٹیکسوں میں اضافے کیخلاف تاجروں کا ملک گیر احتجاج

لاہور(جدوجہد رپورٹ) ملک کے تمام بڑے شہری مراکز میں تاجروں نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور ٹیکسوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کیا۔ کئی مقامات پر تاجروں نے احتجاجاً بجلی کے بل نذر آتش کئے۔

احتجاج کی یہ کال آل پاکستان انجمن تاجران نے دے رکھی تھی۔ اسلام آباد میں تاجروں نے آبپارہ چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور مرکزی سڑک بلاک کر دی۔ حکومت کی جانب سے ٹیکسوں میں اضافے اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کے لیے اسلام آباد بھر کی مختلف مارکیٹوں کے رہنماؤں کی قیادت میں تاجروں کے قافلے پہنچنے پر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔

تاجروں نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی، مظاہرین نے بینر اور بجلی کے بل اٹھا رکھے تھے۔ تاجروں نے بجلی کی بلند قیمتوں کو مسترد کرتے ہوئے بجلی سستی کرنے کا مطالبہ کیا۔

انجمن تاجران کے مرکزی صدر اجمل بلوچ کا کہنا تھا کہ ’تاجر بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور جلد ہی حکمرانوں کا احتساب عوام کریں گے۔‘

انکا کہنا تھا کہ ’جو وزیراعظم یہ کہتے ہیں کہ ہمارا بجٹ آئی ایم ایف نے بنایا ہے انہیں فوری طور پر مستعفی ہو جانا چاہیے۔ ملک میں بارہ گھنٹے بجلی کی بندش ہے۔ 14ہزار روپے کے بل پر 21فیصد سیلز ٹیکس ہے، اس کے علاوہ دیگر13قسم کے ٹیکس ہیں۔‘

انہوں نے انتخابی وعدے پورے نہ کرنے پر سیاسی رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انکا کہنا تھا کہ نوازشریف اور بلاول نے انتخابات کے دوران 300یونٹ مفت بجلی دینے کا وعدہ کیا تھا۔ آج تاجر حکومتی وعدہ خلافیوں کے خلاف خیبرپختونخوا، کراچی، بلوچستان اور سندھ میں احتجاج کر رہے ہیں۔ پاکستان میں ایسا کوئی ضلع یا تحصیل نہیں ہے جہاں احتجاج نہ ہو۔

انہوں نے دھمکی دی کہ اگر بجلی کے ٹیکس واپس نہ لئے گئے تو شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی۔ انکا کہنا تھا کہ یہ حکمران صرف چور نہیں بلکہ ڈاکو ہیں۔ اگر بجلی پر عائد ٹیکس واپس نہ لئے گئے تو وزیراعظم ہاؤس کا گھیراؤ ہوگا۔

راولپنڈی میں بھی تاجر سڑکوں پر نکل آئے اور بجلی اور گیس کے بل نذر آتش کر دیئے۔ بینک روڈ پر ہونے والے احتجاج میں کشمیر روڈ، حیدر روڈ اور دیگر بازاروں کے تاجروں نے شرکت کی۔ تاجروں کے ایک دھڑے نے شام 4 بجے کاروبار بند کرکے علامتی ہڑتال کی۔

پشاور میں تاجروں نے ٹیکسوں کے نفاذ، بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی۔

Roznama Jeddojehad
+ posts