خبریں/تبصرے

منظور پشتین کی گرفتاری کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے، محسن داوڑ کی گرفتاری و رہائی

لاہور (جدوجہد رپورٹ) پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے مرکزی رہنما منظور پشتین کی گرفتاری کے خلاف گذشتہ روز ملک کے تمام بڑے شہروں سمیت درجنوں مقامات پر مظاہرے کئے گئے اور احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔

ادھر اسلام آباد میں پریس کلب کے باہر ہونے والے مظاہرے کے دوران رکنِ قومی اسمبلی محسن داوڑ اور عوامی ورکرز پارٹی (اے ڈبلیو پی)کے کارکنوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

عوامی ورکرز پارٹی کی عصمت شاہجہان، ماریہ ملک، منیبہ حفیظ کے علاوہ اے ڈبلیو پی پنجاب کے صدر عمار رشید کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ سوشل میڈیا پر ابتدائی طور پر رکن ِقومی اسمبلی علی وزیر کی گرفتاری کی بھی خبر آئی مگر وہ گرفتاریوں سے قبل وہاں سے جا چکے تھے۔

اسلام آباد پولیس کا الزام ہے کہ مظاہرین مظاہرے کے بعد جلوس نکالنا چاہتے تھے جس کی اجازت نہیں لی گئی تھی۔ ادھر مظاہرین کا کہنا ہے کہ پولیس نے بلا اشتعال تشدد کیا۔ بعض گرفتار افراد کو رات گئے رہا کر دیا گیا۔

منظور پشتین کی رہائی کے لئے کراچی، پشاور اور لاہور میں بھی مظاہرے ہوئے مگر کوئٹہ میں نکلنے والی ریلی میں ہزوروں افراد کی شرکت کی اطلاع ہے۔

دریں اثنا، منگل کے روز پشاور کی عدالت نے منظور پشتین کی ضمانت پر رہائی کی اجازت نہیں دی اور انہیں ڈیرہ اسمعٰیل خان منتقل کر دیا گیا۔

منظور پشتین کی گرفتاری کے خلاف دارلحکومت کابل سمیت افغانستان کے بعض دیگرشہروں میں بھی احتجاجی جلوس نکلے۔ یورپ اور شمالی امریکا میں بھی احتجاج کی کال دی گئی تھی مگر تا دم ِ تحریر ابھی کوئی معلومات میسر نہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts