لاہور (جدوجہد رپورٹ) جب سے موسم کے درجہ حرارت کی پیمائش کا آغاز ہو اہے اس کے بعد سے گذشتہ جنوری تاریخ کا گرم ترین جنوری تھا۔
ابھی چند دن قبل ”روزنامہ جدوجہد“ میں یہ خبر بھی دی گئی تھی کہ قطب جنوبی میں گرم ترین دن کا ریکارڈ قائم ہوا تھا۔ تاریخ کے پانچ گرم ترین جنوری کے مہینے سال 2002ء کے بعد ریکارڈ کئے گئے ہیں۔ گذشتہ جنوری مسلسل 44 واں جنوری تھا جو بیسویں صدی میں جنوری کے اوسط درجہ حرارت سے زیادہ گرم ثابت ہوا۔
واضح رہے موسم کے درجہ حرارت کی پیمائش 141 سال سے جاری ہے۔ امریکی ادارے نیشنل اوشیانک اینڈ اٹماسفیئر ایڈمینسٹریشن (National Oceanic and Atmospheric Administration) اور عالمی محکمہ موسمیات کی مختلف رپورٹوں کے مطابق موجود سال پانچ گرم ترین سالوں میں سے ایک ہو گا۔