لاہور (روزنامہ جدوجہد) مورخہ 28 فروری 2020ء بروز جمعہ کو طبقاتی جدوجہد اور لاہور لیفٹ فرنٹ کے زیر انتظام دوپہر دو بجے ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان(ایچ آر سی پی) میں کامریڈ لال خان کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کا انعقاد کیا گیا۔
جس میں ڈاکٹر لال خان کے قریبی ساتھیوں نے ان کی زندگی کے مختلف پہلووں اور انقلابی خدمات پر روشنی ڈالی۔
پروگرام کا آغاز کامریڈ کی یاد میں کھڑے ہو کر دو منٹ کی خاموشی سے کیا گیا۔
سٹیج سیکرٹری کے فرائض اویس قرنی نے سر انجام دیے جبکہ مقررین میں حقوق خلق موومنٹ کے زاہد علی اور عمار علی جان، لاہور لیفٹ فرنٹ کے کنوینر فاروق طارق، چیئر مین برابری پارٹی جواد احمد، مزاحمتی شعرا خالد جاوید جان اور بابانجمی، معروف صحافی اور اینکر پرسن فرخ سہیل گوئیندی، قومی محاذ آزادی کے ارشد بٹ، پیپلز پارٹی کے رہنما چوھدری منظور احمد اور شاہدہ جبیں، رہنما پیپلز پارٹی شہید بھٹو ساجدہ میر، ممتاز صحافی اور دانشور راشد رحمان، ممتاز سماجی رہنما آئی اے رحمان اور امتیاز عالم، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے رہنما الیاس خان، یولوشنری سٹوڈنٹس فرنٹ سے ساشاجاوید، مدیر جدوجہد عمران کمیانہ اور بابری صاحب شامل تھے۔ پروگرام کا اختتام کامریڈ لال خان کی اہلیہ صدف تنویر گوندل نے کیا۔
جبکہ سرفراز سفی اور طاہرہ حبیب جالب نے نظم پڑھ کر کامریڈ لال خان کو خراج تحسین پیش کیا۔
پروگرام کے اختتام کے بعد ہال ’لال خان تیرا مشن ادھورا، ہم سب مل کر کریں گے پورا‘ اور لال خان کی جدوجہد کو ، لال سلام‘ سے گونجتا رہا۔