پاکستان

طلبہ یکجہتی مارچ: غداری کے مقدمہ میں فاروق طارق، عمار جان اور شبیر کی ضمانتیں منظور، کامل خان کی ضمانت منسوخ

لاہور (جدوجہد رپورٹ) لاہور کی ایڈیشنل سیشن عدالت نے گذشتہ روز طلبہ یکجہتی مارچ منظم کرنے کے الزام میں غداری کے مقدمات کا سامنا کرنے والے بائیں بازو کے تین رہنماؤں فاروق طارق، عمار علی جان اورمحمد شبیر کی ضمانت منظور کر لی جبکہ طالب علم رہنما کامل خان کی عبوری ضمانت منسوخ کر دی گئی۔

گذشتہ سال لاہور میں ہونے والے طلبہ یکجہتی مارچ کے بعد پانچ افراد پر غداری کا مقدمہ بنا دیا گیا تھااور پنجاب یونیورسٹی کے سابق طالب علم اور ایم فل سکالر عالمگیر وزیر کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ عدالت نے ان کی ضمانت کی درخواست منظور نہیں کی تھی جبکہ لاہور لیفٹ فرنٹ کے کنوینر فاروق طارق، حقوق خلق موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر عمار علی جان، ٹریڈ یونین رہنما محمد شبیر اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے طالب علم رہنما کامل خان کی سیشن کورٹ نے عبوری ضمانت منظور کر لی تھی۔

مسلسل پیشیوں کے بعد گذشتہ روز کامل خان کی ضمانت منسوخ کر دی گئی۔ کامل خان کا تعلق بلوچستان سے ہے اور وہ گولڈ میڈلسٹ ہیں۔ ڈاکٹر عمار علی جان اور فاروق طارق نے اپنے اپنے فیس بک بیانات میں کامل خان کی ضمانت منسوخ ہونے کے خلاف آج لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts