خبریں/تبصرے

ارجنٹینا: کرونا بحران میں مالک آئندہ دو ماہ تک ملازمین کو نوکری سے نہیں نکال سکتے

لاہور (جدوجہد رپورٹ) ارجنٹینا میں کرونا بحران سے نپٹنے کے لئے کئے گئے لاک ڈاؤن کو کامیاب بنانے کے لئے حکومت نے اعلان کیا ہے کہ کسی کو بھی دو ماہ تک نوکری سے نہیں نکالا جا سکتا۔

ارجنٹینا کے صدر البرتو فرناندس کی طرف سے منگل کو جاری کئے گئے ایک حکم نامے میں شہریوں سے یہ وعدہ بھی کیا گیا ہے کہ انہیں نوکری سے نہیں نکالا جائے گا۔ اس حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ”سماجی امن قائم رکھنے کے لئے یہ ضروری ہے کہ ایک معقول عرصے تک نوکریوں کا تحفظ کیا جائے۔ “ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ بغیر کسی معقول وجہ کے کسی کو نہیں نکالا جا سکتا جبکہ پیداوار میں کمی یا کام کا نہ ہونا معقول وجہ تسلیم نہیں کی جائے گی۔

ارجنٹینا میں اب تک 27 افراد کرونا سے ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ اس وائرس کا شکار ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ حکومت نے شہریوں کو 12 اپریل تک گھروں میں قرنطینہ رہنے کے لئے کہا ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts