لاہور (جدوجہد رپورٹ) فلسطینی میڈیا میں اِن دنوں الاحرار (آزادی کے رہنما) کے عنوان سے بنائے گئے مندرجہ ذیل مورل کا چرچا ہے۔
دس میٹر لمبے اور تین میٹر اونچے اس مورال پر فیدل کاسترو، چے گویرا، یاسر عرفات اور ہیوگو شاویز کے چہرے پینٹ کئے گئے ہیں۔ مغربی کنارے کے شہر دورامیں بنائے گئے اس مورل کی تجویز ایک سال پہلے ’فلسطین کیوبن فرینڈشپ ایسوی ایشن‘کے صدر محمد ابواتوان کی جانب سے پیش کی گئی تھی۔
ابو اتوان کا کہنا ہے کہ”اس مورل کے ذریعے فلسطین کی جانب سے کیوبا اور وینزویلا کے عوام کے ساتھ بھائی چارے کا اظہار کیا گیا ہے کیونکہ وہ دونوں ممالک بھی امریکی ناکہ بندی کا شکار ہیں جبکہ فلسطین بھی اسرائیلی ناکہ بندی کا شکار ہے۔ “
لاطینی امریکہ میں بائیں بازو کی حکومتیں بالخصوص کیوبا اور وینزویلا، یا ایوو مورالس کی صدارت میں بولیویا نے ہمیشہ اسرائیل کے خلاف فلسطین کا ساتھ دیاہے۔
ادھر کرونا کی وبا کے دوران اسرائیلی ناکہ بندی کی وجہ سے غزہ کی پٹی میں صورت حال انتہائی خراب ہے۔ بے شمار انسانی حقوق کی تنظیمیں اسرائیل سے مطالبہ کر چکی ہیں کہ یہ ناکہ بندی ختم کی جائے۔