پاکستان

اٹلی: کیوبن ڈاکٹرز کو نوبل انعام دینے کا مطالبہ

لاہور (جدوجہد رپورٹ) اٹلی کی انتظامیہ، مذہبی اداروں اور سماجی تنظیموں کی طرف سے کیوبن میڈیکل برگیڈ کو 23 مئی کے روز خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس سلسلے میں میلان میں ایک جلوس نکالا گیا جبکہ بعض طلبہ اور سیاسی تنظیموں کی جانب سے کیوبن ڈاکٹرز کے لئے نوبل انعام برائے امن کے لئے سفارش کی گئی۔

ٹیلی سور انگلش کے مطابق میلان میں نکالی جانے والی ریلی میں لامبارڈی ریجن کے سیکرٹری صحت و سماجی بہبود جولیو گالیرا نے بھی شرکت کی۔ اس موقعے پر کیوبا کے سفیر بھی موجود تھے۔

ادھر تورین کے معروف پارک، پارکو ڈورا، میں کیوبا کے رہنما فیدل کاسترو اور کیوبن ڈاکٹرز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے مندرجہ ذیل مورل بھی بنایا گیا ہے۔

الٹرنیٹو سٹوڈنٹس اپوزیشم، کمیونسٹ نیٹ ورک، نوئی ریسٹیامو اور دیگر سماجی و سیاسی تنظیموں نے نوبل کمیٹی سے سفارش کی ہے کہ کیوبن ڈاکٹرز کو امن کا نوبل انعام دیا جائے۔

یاد رہے کیوبن ڈاکٹرز ایک ایسے وقت میں اٹلی پہنچے جب اٹلی یورپ میں کرونا کا ایپی سنٹر بنا ہوا تھا اور کسی یورپی ملک نے اٹلی کی مدد کے لئے ہیلتھ ورکرز کا دستہ روانہ نہیں کیا۔ کیوبن ڈاکٹرز نے اٹلی میں پانچ ہزار سے زائد طبی معائنے کئے جبکہ 210 کرونا مریضوں کو شفا یاب کیا۔ کیوبا نے اٹلی کے علاوہ بیس سے زائد ممالک میں کرونا بحران سے نپٹنے کے لئے ڈاکٹرز اور نرسز کو روانہ کیا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts