خبریں/تبصرے

طالبان سے معاہدے کی شرط مکمل: امریکہ نے 8,600 فوجی نکال لئے

لاہور (جدوجہد رپورٹ) خبر رساں ادارے ایسویسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکہ نے افغانستان سے اپنے 8,600 فوجی نکال لئے ہیں۔ اس سال کے شروع میں ہونے والے طالبان امریکہ معاہدے کے تحت وسط جولائی تک امریکہ نے اپنی آدھی سے زیادہ فوج نکالنا تھی مگر امریکہ نے جون کے وسط تک ہی یہ ہدف حاصل کر لیا ہے۔

حالیہ انخلا سے قبل امریکہ کے تقریباً بارہ ہزار فوجی افغانستان میں تعینات تھے۔

ادھر خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق افغان حکومت اور طالبان میں گرفتار شدہ طالبان کی رہائی کے مسئلے پر مذاکرات ایک مرتبہ پھر تعطل کا شکار ہیں۔

طالبان امریکہ معاہدے کی شرط تھی کہ 5000 طالبان قیدی رہا کئے جائیں گے۔ پچھلے عرصے میں افغان حکومت نے تین ہزار کے قریب طالبان کو رہا کیا ہے۔ طالبان نے بھی قیدی رہا کئے ہیں۔

اب یہ تعطل اس بنیاد پر پیدا ہوا ہے کہ افغان حکومت ہائی پروفائل یعنی انتہائی خطرناک قیدیوں کو رہا کرنے پر تیار نہیں۔ ایسے قیدیوں کی تعداد سینکڑوں میں ہے۔

رائٹرز کے ذرائع کے مطابق افغان حکومت کو اس مسئلے پر بعض یورپی ممالک کی حمایت بھی حاصل ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts