خبریں/تبصرے

میانمار: امریکی صحافی کو 11 سال قید کی سزا سنا دی گئی

لاہور (جدوجہد مانیٹرنگ) میانمار کی ایک عدالت نے امریکی صحافی کو 11 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔ ’اے ایف پی‘ کے مطابق مقامی اخبار فرنٹیئر میانمار کیلئے کام کرنے والے ڈینی فینسٹر کو مئی میں امریکا روانگی سے چند گھنٹے قبل گرفتار کیا گیا تھا۔

میانمار کی عدالت نے غیر قانونی روابط اور وابستگی، فوج کے خلاف اکسانے اور ویزا قوانین کی خلاف ورزی پر امریکی صحافی کو 11 سال قید کی سزا سنا دی۔

یاد رہے کہ رواں سال فروری میں اقتدار پر فوج کے قبضے کے بعد میانمار میں آزادی صحافت بدترین دباؤ کا شکار ہے، جمہوریت کے حامیوں پر کریک ڈاؤن کے خلاف آواز اٹھانے والے درجنوں صحافیوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ڈینی فینسٹر کو جلد از جلد رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جبکہ میانمار کے کرائسز گروپ کے سینئر مشیر رچرڈ ہورسے نے سزا پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سزا سے ناصرف بین الاقوامی صحافیوں بلکہ میانمار میں کام کرنے والے صحافیوں کو بھی یہ پیغام ملے گا کہ اگر حقائق دکھائے جائیں گے تو جیل آپ کی منتظر ہے۔

واضح رہے کہ فوج کے حکومت کا تختہ الٹتے ہوئے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے ملک میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور فوج کی جانب سے مظاہرین پر تشدد کے نتیجے میں اب تک تقریباً 1200 سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts