لاہور (جدوجہد رپورٹ)شریک مدیر جدوجہد فاروق سلہریا کی کتاب ”75 ایئرز آفٹرپارٹیشن: انڈیا،پاکستان اینڈ بنگلہ دیش“ کی تقریب رونمائی 11 نومبر کو بیکن ہاوس نیشنل یونیورسٹی (بی این یو)میں ہو گی۔
اکیڈیمک کتابوں کے ممتاز عالمی ادارے رٹلج کے زیر اہتمام شائع ہونے والی یہ کتاب فاروق سلہریا نے ڈاکٹر امت رنجن (نیشنل یونیورسٹی سنگاپور)کے ساتھ مل کر مدون کی ہے۔ یہ کتاب گزشتہ جولائی میں شائع ہوئی تھی۔
تقریب رونمائی میں ڈاکٹر اکبر زیدی، ڈائریکٹر آئی بی اے کراچی، خصوصی طور پربطور مہمان مقرر شریک ہوں گے۔اس تقریب کی صدارت ڈاکٹر طاہر کامران،صدر شعبہ ڈیپارٹمنٹ آف لبرل آرٹس(بی این یو) کریں گے۔ میزبانی کے فرائض عشا خضر وٹو (وزیٹنگ فیکلٹی، بی این یو) انجام دیں گی۔
اس کتاب میں جائزہ لیا گیا ہے کہ کس طرح فلم، ادب، سلیبس اور رائے عامہ تشکیل دینے والے بعض دیگر شعبے کس طرح تقسیم ہند کو ایک پراجیکٹ کے طور پر ری پروڈیوس کرتے رہتے ہیں۔
اس کتاب میں ہندوستان، پاکستان اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے اسکالرز نے مختلف ابواب تحریر کیے ہیں۔ روزنامہ جدوجہد کے سابق مدیر، ڈاکٹر قیصر عباس مرحوم کا تحریر شدہ ایک باب بھی اس کتاب میں شامل ہے۔اس باب میں انہوں نے خدیجہ مستور کے ناول ”زمین“ کا جائزہ لیا ہے۔ علاوہ ازیں، پاکستان سے ڈاکٹر مظہر عباس (گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد)نے بھی اس کتاب میں ایک باب تحریر کیا ہے۔ ڈاکٹر مظہر عباس نے سکول کی کتابوں میں تقسیم بارے پڑھائے جانے والے مواد کا جائزہ لیا ہے اور ضیا عہد کا مشرف عہد سے موازنہ کیا ہے۔
