غیر منقسم ہندوستان میں انجمن ترقی پسند مصنفین کی مقبولیت میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے دانشوروں کا کردار بہت اہم تھا۔ اس دور میں یہ علی گڑھ کے اساتذہ اور طلبا ہی تھے جن کی نگارشات کبھی عام لوگوں کے استحصال کی ترجمان اور کبھی برطانوی سامراج سے آزادی کے ترانے بن کر ملک کے طول و عرض میں پھیل گئیں۔ اس وقت کے معروف ادیب آلِ احمد سرور، سید سجاد حیدر یلدرم اور رشید احمد صدیقی یونیورسٹی کے شعبہئ اردو کے سربراہ رہے۔ ترقی پسند تحریک میں شامل علی سردار جعفری، اسرارالحق مجاز، اختر الایمان ور دوسرے نامور شعرا کا تعلق بھی اسی شعبے سے تھا جنہوں نے معاشرے کے مسائل اور تحریک آزادی کے نعروں کو عوام الناس تک پہنچایا۔
