راولاکوٹ (حارث قدیر) جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن نے مرکزی کنونشن کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے۔ معروف انقلابی رہنما، دانشور اور مارکسی استاد ڈاکٹر لال خان کے نام سے منسوب این ایس ایف کا مرکزی کنونشن نومبر کے آخری ہفتہ میں مظفرآباد کے مقام پر منعقد کیا جائے گا۔ مرکزی صدر ابرار لطیف اور جنرل سیکرٹری یاسر حنیف نے تمام اضلاع، جامعات اور بیرون ریاست برانچوں کے چیئرمینوں اور جنرل سیکرٹریز کو تنظیم سازی کا سلسلہ تیز کرنے اور جنرل کونسل کو مکمل کرنے کی ہدایات کر دی ہیں۔ تین ماہ کے اندر اندر تمام تر تعلیمی اداروں اور جامعات میں تنظیم سازی کا عمل مکمل کرتے ہوئے مرکزی کنونشن کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔ اس دوران ممبر شپ مہم سمیت دیگرسرگرمیاں بھی منعقد کی جائیں گی۔ یہ فیصلہ جات جے کے این ایس ایف کی مرکزی کابینہ اور مرکزی کمیٹی کے مشترکہ اجلاس میں کئے گئے۔ اجلاس کی صدارت مرکزی صدر ابرار لطیف نے کی، جبکہ اجلاس میں سابق مرکزی صدور راشد شیخ، بشارت علی خان سمیت مرکزی سیکرٹری جنرل یاسر حنیف، سابق سیکرٹری جنرل خلیل بابر، سینئر نائب صدر مروت راٹھور، چیف آرگنائزر تیمور سلیم، چیئرمین نشر و اشاعت شفقت رحیم داد، ایڈیٹرعزم التمش تصدق، سیکرٹری مالیات ارسلان شانی، جوائنٹ سیکرٹری حسنین راجہ، سیکرٹری اطلاعات نقاش آمین، سبحان عبدالمالک، عدنان خان، عادل بشیر، وقار صادق، شہزاد خان، ذوالفقار شبیر، اسامہ پرویز اور کفایت اللہ سمیت دیگر درجنوں رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی قائدین نے کہا کہ جے کے این ایس ایف اس خطے میں ایک تاریخ ساز کنونشن کا انعقاد کرنے جا رہی ہے، اس لئے تمام تر کارکنان اور ذمہ داران کنونشن کی تیاریوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، یہ کنونشن اس خطے میں نوجوانوں اورمحنت کشوں کی آزادی کی تحریک میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر این ایس ایف اس خطے کی واحد قوت ہے جو جدید سائنسی سوشلزم کے نظریات کی بنیاد پر نہ صرف ایک انقلابی پارٹی کی تعمیر کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے بلکہ اس خطے کے محنت کشوں اور نوجوانوں کو آزادی اور انقلاب کی حقیقی جدوجہد سے روشناس کروا رہی ہے۔ این ایس ایف ہی وہ واحد قوت ہے جو اس خطے کی محرومیوں، محکومی اور مسائل کے حل کے حوالے سے ایک درست نظریہ، پروگرام اور لائحہ عمل رکھتی ہے۔ این ایس ایف کے نوجوان پوری دنیا کی انقلابی قوتوں بالخصوص نوجوانوں کیلئے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جموں کشمیر این ایس ایف کا یہ مرکزی کنونشن اور اس کے گرد ہونے والی کیمپئین نہ صرف اس خطے کی سیاست میں ایک اہم کردار ادا کرے گی بلکہ پورے برصغیر کے نوجوانوں اور بالخصوص جموں کشمیر بھر کے نوجوانوں کی تحریک کو ایک انقلابی رخ دینے کا باعث بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ جب تک سرمایہ دارانہ حاکمیت اور قبضہ موجود ہے تب تک کشمیر سمیت پورے برصغیر میں حقیقی آزادی کا حصول ممکن نہیں ہے۔ پورے برصغیر کے حکمران مشترکہ طور پر اس خطے پر اپنے سرمایہ دارانہ قبضہ اور حاکمیت کو برقرار رکھنے کیلئے ایک پیج پر ہیں، انکے مفادات اور مقاصد مشترکہ ہیں، اسی طرح پورے برصغیر کی محکوم و مظلوم قومیتوں کے محنت کش طبقات کے دکھ اور تکالیف ایک ہیں، انکے دشمن ایک ہیں، اس لئے انکی جدوجہد بھی مشترک ہے، انہیں اس جدوجہد کو مشترکہ طورپر نہ صرف لڑنا بلکہ جیتنا ہوگا۔ این ایس ایف پورے برصغیر کے محنت کشوں اور نوجوانوں کے لئے ہر اؤل دستے کا کردار ادا کریگی۔