لاہور (نامہ نگار) بھارت کی 4 ریاستوں اور 1 مرکز کے زیر اہتمام علاقے (یونین ٹیرٹری) کے انتخابات کے نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔ کیرالہ، تمل ناڈو اور مغربی بنگال میں نریندرا مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی اور اتحادیوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ بائیں بازو کا اتحاد ایک مرتبہ پھر کیرالہ میں اپنی گرفت برقرار رکھنے میں کامیاب ہوا ہے۔
بھارتی جنتا پارٹی آسام اور یوٹی پدوچیری میں فتح حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ یہ انتخابات بنگال میں 8 مراحل میں 27 مارچ، 01 اپریل، 06 اپریل، 10 اپریل، 17 اپریل، 22 اپریل، 26 اور 29 اپریل کو منعقد ہوئے۔ تامل ناڈو، کیرالہ اور پدوچیری میں 06 اپریل کو ایک ہی مرحلے میں، آسام میں 27 مارچ، 01 اپریل اور 06 اپریل کومنعقد کئے گئے تھے۔ ان انتخابات میں مجموعی طور پر 18 کروڑ سے زیادہ ووٹرز حق رائے دہی کا استعمال کرنے کی اہلیت رکھتے تھے۔
مغربی بنگال میں 294، تمل ناڈو میں 234، کیرالہ میں 140، آسام میں 126 اور مرکز کے زیر انتظام علاقے پدوچیری میں 30 نشستوں پر یہ انتخابات ہوئے۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق ابھی تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق مغربی بنگال میں ممتا بینرجی کی پارٹی ترنمول کانگریس نے حیرت انگیز فتح حاصل کرتے ہوئے بی جے پی کو شکست دی، تاہم ماضی میں بائیں بازو کی جماعتوں کو گڑھ سمجھی جانے والی ریاست مغربی بنگال میں بائیں بازو کے اتحاد کو صرف 1 نشست حاصل ہو سکی، جبکہ گزشتہ الیکشن میں محض 3 نشستیں حاصل کرنے والی بی جی پی کو 80 سے زائد نشستوں پر برتری حاصل ہے۔ کامیاب ہونے والی ترنمول کانگریس کو 294 میں سے 216 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔ تاہم ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بینر جی کو اپنی نشست پر شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
تامل ناڈو میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی اتحادی اور سابقہ حکمران جماعت اے این اے ڈی ایم کے کو غیر متوقع شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ڈی ایم کے نے کامیابی حاصل کی ہے۔ ڈی ایم کے کو 149 نشستوں پر برتری حاصل ہے جبکہ اے این اے ڈی ایم کے، بی جے پی اور اتحادیوں کو 85 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔
کیرالہ میں بائیں بازو کے اتحاد لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ کو 140 میں سے 97 نشستوں پر برتری حاصل ہے جبکہ کانگریس کے زیر قیادت یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کو 43 نشستوں پر سبقت حاصل ہے۔
آسام میں حکمران بی جے پی کو 126 میں سے 76 نشستوں پر برتری حاصل ہے، جبکہ پدو چری میں بی جے پی اتحاد کو 13 نشستوں پر برتری حاصل ہے جبکہ کانگریس کو 8 نشستوں پر سبقت حاصل ہے۔